لکھنو// وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک میں دو ڈیفنس انڈسٹریل کوریڈور قائم کرنے کا آج اعلان کیا۔ مسٹر مودی نے یہاں منعقد بڑے کاروباریوں کا میلہ یوپی انوسٹرس سمٹ 2018 میں یہ اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس میں سے ایک اترپردیش میں قائم کیا جائے گا۔ اس کوریڈور کی تعمیر کے بعد خاص طور پر بندیل کھنڈ کو بہت فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آگرہ ‘ علی گڑھ‘ لکھنو¿ ‘ کانپور اور جھانسی ہوتے ہوئے چترکوٹ تک جانے والے اس کوریڈور میں بیس ہزار کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی امید ہے۔ اس میں ڈھائی لاکھ لوگوں کو روزگار کے مواقع ملیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پروانچل اور بندیل کھنڈ کی صنعت کاری تیزی سے ہو گی۔ ابھی تک اترپردیش میں تین ہوائی اڈے تھے۔ اب کشی نگر او رزیور میں بھی بین الاقوامی ہوائی اڈہ بنایا جا رہا ہے۔ اڑان اسکیم کے تحت ریاست کے گیارہ شہروں میں ہوائی اڈے بنائے جا رہے ہیں۔مسٹر مودی نے کہا کہ میرا خواب ہے ہوائی چپل پہننے والا بھی ہوائی جہاز میں سفر کرے۔ گزشتہ سال اترپردیش سے ہوائی سفر کرنے والوں کی تعداد میں تیس فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ نئے ہوائی اڈے بن جانے سے ان میں کافی اضافہ ہوگا۔ اس ریاست میں نو ہزار کلومیٹر ریلوے نیٹ ورک ہے۔ ایسٹرن اور ویسٹرن کوریڈور بن جانے پر اترپردیش کی معیشت کو کافی استحکام حاصل ہوگا۔ اترپردیش میں ترقی میں اضافہ ہوگا۔ مکیش امبانی‘ گوتم اڈانی‘ ادیتیہ بڑلا ‘ ایم چندر شیکھرن ‘ رشیش شاہ‘ آنند مہندرا ‘ سبھاش چندرا جیسے معروف صنعت کاروں کی موجودگی میں جاری دو روزہ سمٹ کے افتتاحی اجلاس میں مسٹر مودی نے کہا کہ وارنسی سے ہلدیا تک شروع ہونے والے آبی گزرگاہ سے بھی ریاست کی ترقی کو نئی بلندیوں پر لے جانے میں مدد ملے گی۔ اترپردیش کے تمام گرام پنچایتوں میں آپٹیکل فائبر سے منسلک ہوجانے پر یہاں کا ہر گاوں پوری دنیا کے رابطہ میں آجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اسکیمیں اترپردیش کو اکیسویں صدی میں نئی بلندیوں پر لے جائیں گی۔ ٹرانسپورٹ میں سہولت سے تجارت میں آسانی ہوگی۔ ٹورزم بڑھے گا تو جاب گروتھ پر بھی اس کا اثر پڑے گا۔مسٹر مودی نے کہا کہ وزیر اعظم مدرایوجنا کے تحت لوگوں کو چار لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ کا قرض دیا جاچکا ہے۔مسٹر مودی نے صنعت کاروں کو ہر حال میں سہولت دینے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ اترپردیش میں اب سرمایہ کاروں کے لئے ریڈ ٹیپ نہیں بلکہ ریڈ کارپیٹ ہوگا۔ سنگل ونڈو پورٹل کے ذریعہ صنعت کاروں کو مقررہ وقت میں آن لائن اجازت ملے گی۔