عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے سرینگر میں بنارس ہندو یونیورسٹی کے یورولوجی کے سابق طلبا کے اجلاس سے خطاب کیا، جس کا اہتمام شعبہ یورولوجی، سکمز نے کیا تھا۔اس موقع پر اپنے خطاب میں، لیفٹیننٹ گورنر نے علمی معیشت میں بی ایچ یو کے سابق طلبا کی اہم شراکت اور ملک کی ہمہ جہت ترقی کے لیے تحقیق کے نئے شعبوں کو آگے بڑھانے کی تعریف کی۔لیفٹیننٹ گورنر نے پنڈت مدن موہن مالویہ کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کی زندگی بھر کی مہموں کو یاد کیا جنہوں نے ہندوستانی سماج میں سماجی اور اقتصادی تبدیلی لائی ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا” پنڈت مدن موہن مالویہ نے ہندوستان کے صنعتی انقلاب کی اسکرپٹ لکھی تھی، اب، ملک سماجی و اقتصادی ترقی کے اہم شعبوں میں سابق طلبا کے قابل قدر شراکت کی توقع کرتا ہے اور تیزی سے بدلتے ہوئے عالمی ماحول میں، ہمیں مقامی صلاحیتوں کو فروغ دینے پر توجہ مرکوز کرنی ہوگی” ۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا “سابق طلبا کی ذمہ داری ہے کہ وہ نوجوانوں کی رہنمائی کریں، نئے ہندوستان کے خوابوں اور عزائم کو پورا کرنے کے لیے اپنی موجودہ صلاحیت کو بروئے کار لانے کے لیے مضبوط نیٹ ورک تیار کریں”۔انہوں نے کہا کہ تمام سابق طلبا کو آج کی نوجوان نسل کو کل کے چیلنجوں کے لیے تیار کرنے کے لیے اصلاحات، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور مضبوط تعلیمی اداروں کی تعمیر میں اپنا حصہ ڈالنے کا عہد کرنے کی ضرورت ہے۔سابق طلبا کی میٹنگ میں، لیفٹیننٹ گورنر نے جموں و کشمیر کے صحت اور طبی تعلیم کے شعبے میں حاصل کیے گئے کئی سنگ میلوں پر روشنی ڈالی۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی جی کی رہنمائی میں، ہم صحت کے بنیادی ڈھانچے کو بڑھانے اور سب کے لیے قابل رسائی، سستی اور معیاری صحت کی دیکھ بھال کی خدمات کو یقینی بنانے کے لیے مخلصانہ کوششیں کر رہے ہیں۔