پرویز احمد
سرینگر //بھارت میں کورونا وائرس متاثرین میں اضافہ کے ساتھ ہی جموں و کشمیر میں بھی کچھ معاملات سامنے آئے ہیں۔ پچھلے2 دنوں کے دوران کشمیر صوبے میں مزید 2معاملات میں اضافہ ہوا ۔ جمعہ اور سنیچر کو کورونا کے 2 نئے معاملات سامنے آئے ، جن میں بانڈی پورہ سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون اور سرینگر کا رہنے والا ایک شخص ہے۔ بانڈی پورہ کی خاتون کو کوئی سفری تاریخ نہیں ہے جبکہ سرینگر کا طالب علم چند روز قبل وادی آیا ہے۔دونوں کے رابے میں آنے والوں کی نشاندہی کی جارہی ہے اور ان پر نظر رکھی جارہی ہے۔ادھرانتظامیہ نے جموں اور کشمیر دونوں صوبوں میں کورونا وائرس کی نئی ہیت سے نپٹنے کیلئے تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔سکمزصورہ میں بانڈی پورہ سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق کے بعد کشمیر صوبے میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد 4ہوگئی ہے۔سکمز ترجمان ڈاکٹر محمد اکبر شاہ نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اب تک4 معاملات 4 سامنے آئے ہیں، تاہم کورونا وائرس کی یہ ہیت زیادہ نقصان دہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وائرس کیلئے مثبت قرار دیئے گئے چاروں افراد گھروں میں قرنطین ہوگئے ہیں کیونکہ ان میں معمولی نوعیت کی علامتیں موجود تھیں۔ نئی ہیت سے نپٹنے کی تیاروں کی تفصیلات دیتے ہوئے ڈاکٹر اکبر نے بتایا کہ سکمز میں آفات سماوی کیلئے مخصوص وارڈ کو تیاری کی حالت میں رکھا گیا ہے جبکہ پہلے سے موجود وینٹی لیٹروں کے علاوہ مزید 15وینٹی لیٹر نصب کئے جارہے ہیں۔ ڈاکٹر اکبر نے بتایا کہ پچھلی بار کورونا وائرس کیلئے جو انتظامات کئے گئے تھے ، ان کومزید بہتر بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کسی بھی صورتحال سے نپٹنے کیلئے تیار ہے، لیکن ابھی تک سکمز میں کوئی بھی متاثرہ شخص داخل نہیں کیا گیاہے۔اس سے قبل ڈینٹل کالج سرینگر میں کیرالہ سے تعلق رکھنے والے2 ڈاکٹروں کی رپورٹیں مثبت آئی تھیں۔وادی میں مجموعی طور پرسرگرم معاملات کی تعداد 4ہوگئی ہے ۔ ادھر جموں صوبے میں ابتک کورونا وائرس کے 3معاملات سامنے آئے ہیں۔ان میں 2 جموں سے تعلق رکھتے ہیں جبکہ ایک ریاسی کا ہے۔ جی ایم سی جموں کے میڈیکل سپر انٹنڈنٹ ڈاکٹر وریندر ترچھل نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ’’جی ایم سی جموں میں ابتک کورونا وائرس کے 2معاملات سامنے آئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایک کا تعلق بالبین جموں سے جبکہ دوسرا متاثرہ شخص کٹھوعہ سے تھا ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں میں ہلکی علامتیں موجود تھیں ، اسلئے انہیں گھروں میں ہی قرنطین رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جی ایم سی جموں میں کسی بھی صورتحال سے نپٹنے کیلئے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں ۔