عظمیٰ نیوز سروس
لکھنو//ایودھیا میں وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے ترقیاتی کاموں کا نتیجہ نکلا ہے کیونکہ بی جے پی کے چندر بھانو پاسوان نے ملکی پور ضمنی انتخاب میں فیصلہ کن کامیابی حاصل کرتے ہوئے ایودھیا کے ممبر پارلیمنٹ اودھیش پرساد کے بیٹے اجیت پرساد کو 61,710ووٹوں سے شکست دی۔مہاکمبھ، انتظامی فرائض اور اتر پردیش دیوس شیڈول کے باوجود یوگی آدتیہ ناتھ نے بی جے پی کے چندر بھانو پاسوان کی حمایت میں ریلی کیلئے دو بار ملکی پور کا دورہ کیا۔ اپنی ریلیوں میں یوگی آدتیہ ناتھ نے ووٹروں پر زور دیا کہ وہ قوم پرستی کی حمایت کریں اور خاندانی سیاست کو مسترد کریں۔ ان کی اپیل کا ملکی پور میں ووٹروں نے فیصلہ کن جواب دیا۔ بی جے پی امیدوار چندر بھانو پاسوان نے 1,46,397ووٹ حاصل کیے۔ عوام نے سماج وادی پارٹی کی خاندانی سیاست کو مسترد کر دیا، کیونکہ ایس پی امیدوار اجیت پرساد، ایم پی اودھیش پرساد کے بیٹے صرف 84,655ووٹ حاصل کر سکے۔ وزیراعظم مودی کی قیادت میں ایک وقف کارکن کے طور پر یوگی آدتیہ ناتھ نے اپنی پارٹی کی ذمہ داریوں کو مؤثر طریقے سے نبھایا۔ مہاراشٹر، جھارکھنڈ، مدھیہ پردیش، راجستھان، چھتیس گڑھ، ہریانہ اور دہلی میں ان کی ریلیاں بہت کامیاب رہیں۔ حال ہی میں ختم ہونے والے یوپی کے ضمنی انتخابات میں ووٹروں نے نو میں سے سات سیٹوں پر یوگی کے ترقیاتی ماڈل کی تائید کی۔