سرینگر //انڈسٹری اینڈ کامرس کے مرکزی وزیر کا کہنا ہے کہ ملک اور بین الاقوامی کمپنیاں جموں وکشمیر میں سرمایہ کاری کیلئے کوشاں ہیں اور پچھلے پانچ ماہ کے دوران 44کمپنیوں نے اس حوالے سے آمادگی بھی ظاہر کی ہے۔ انڈسٹری اینڈ کامرس کے مرکزی وزیر پیوش گوئل نے لوک سبھا کو بتایا کہ جموںوکشمیر میں سرمایہ کاری کی خاطر ملکی اور بین الاقوامی کمپنیوں نے آمادگی ظاہر کی ہے۔ انہوںنے کہاکہ اگست سے دسمبر تک 44بڑی کمپنیوں نے جموںوکشمیر میں سرمایہ کاری کرنے کی خاطر جموںوکشمیر انتظامیہ کو تحریری طورپر آگاہ کیا ہے۔ انہوںنے کہا کہ موجودہ مرکزی حکومت جموںوکشمیر میں بے روزگاری کو ختم کرنے کی خاطر کام کر رہی ہیں ۔ ادھر ذرائع نے بتایا کہ ملک کی بڑی کمپنیوں نے جموں وکشمیر اور لداخ میں اپنے یونٹ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں مرکزی اور جموںوکشمیر انتظامیہ کو بھی آگاہی فراہم کی گئی ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ مرکزی حکومت جموں کشمیر کیلئے بہت جلد نئی انڈسٹریل پالیسی لاگو کر رہی ہے۔ انڈسٹری اینڈ کامرس کے کمشنر سیکریٹری ایم کے دیویدی کے مطابق جموںوکشمیر میں سرمایہ کی خاطر ملک کی نامور کمپنیوں نے آمادگی ظاہر کی ہے اور اس سلسلے میں ایم او یو ز پر بھی دستخط کئے گئے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ کمپنیوں کے زعما ء حالات اور اراضی کا جائزہ لینے کی خاطر بہت جلد جموںوکشمیر کا دورہ کر رہے ہیں۔ انہوںنے بتایا کہ فلم ، سیاحت ، تعلیم ، میڈیکل ، انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی ، فوڈ پروسیسنگ ، شیپ ، وول پشمینہ اور کارپٹ پروڈکشن کی ڈیمانڈ بہت زیادہ بڑھ گئی ہے اور متعدد کمپنیاں ان شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے کیلئے پوری طرح سے تیار ہیں۔ انہوںنے کہاکہ اس طرح کے اقدام سے جموںوکشمیر میں بے روزگاری پر بہت حد تک قابو پایا جاسکتا ہے جبکہ جموںوکشمیر میں اقتصادی حالت بھی بہتر ہوگی۔ذرائع نے بتایا کہ جموںوکشمیر میں تعلیمی شعبے کو بڑھاوا دینے کی خاطر کئی کمپنیاں ڈگری کالجز ، یونیورسٹیاں اور میڈیکل کالج قائم کرنے کی خواہشمند ہیں کیونکہ کشمیر ی طالب علم بنگلہ دیش اور دوسرے ممالک میں ڈاکٹری اور انجینئرنگ کی تربیت کر رہے ہیں لہذا اس کو مد نظر رکھتے ہوئے کئی بڑی کمپنیاں وادی کشمیر میں پرائیوٹ میڈیکل کالج اور یونیورسٹیاں قائم کرنے کے خواہاں ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ مرکزی کابینہ بہت جلد جموںوکشمیر کیلئے نئی انڈسٹریل پالیسی کو لاگو کرنے کی خاطر احکامات صادر کر رہی ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ مئی کے مہینے میں سرینگر اور جموں میں گلوبل انوسٹرس سمٹ سے قبل نئی انڈسٹریل پالیسی کو لاگو کیا جائے تاکہ سرمایہ کاری کرنے والی کمپنیوں کو اپنا کاروبار شروع کرنے میں کسی قسم کی مشکلات کا سامنا کرنے پر مجبور نہ ہوناپڑے۔