یو این آئی
بلوایو/جنوبی افریقہ کے کپتان ویان ملڈر نے ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کا پانچواں سب سے بڑا انفرادی اسکور بناتے ہوئے 334 گیندوں پر ناٹ آوٹ 367 رنز کی اننگز کھیل کر ریکارڈ قائم کیا۔ ملڈر نے اس اننگز میں 49 چوکے اور چار چھکے لگاتے ہوئے 109.88 کے اسٹرائیک ریٹ سے ناٹ آوٹ 367 رنز بنائے اور ٹیسٹ کرکٹ میں ٹرپل سنچری بنانے والے دوسرے جنوبی افریقی بلے باز بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ ان سے قبل ہاشم آملہ نے 2012 میں ناٹ آوٹ 311 رنز بنائے تھے ۔ تاہم وہ برائن لارا کے ناٹ آوٹ 400 رنز کے بہترین انفرادی ریکارڈ کو توڑنے سے چوک گئے ۔ انہوں نے 297 گیندوں میں اپنی ٹرپل سنچری مکمل کی۔ انہوں نے دوسری تیز ترین ٹرپل سنچری بنائی۔ پہلے نمبر پر وریندرسہواگ ہیں، جنہوں نے 2008 میں جنوبی افریقہ کے خلاف 278 گیندوں میں ٹرپل سنچری بنائی تھی۔ لنچ سے قبل ملڈر لین ہٹن کے 364 اور گیری سوبرز کے ناٹ آوٹ 365 رنز کو پیچھے چھوڑ گئے ۔ اس کے ساتھ ہی وہ ٹیسٹ تاریخ میں سرفہرست پانچ انفرادی اسکور بنانے والے بلے بازوں میں شامل ہو گئے ۔ ان سے اوپر صرف مہیلا جے وردھنے (374)، برائن لارا (375)، میتھیو ہیڈن (380) اور برائن لارا (ناٹ آوٹ 400) ہیں۔