پلوامہ//ملنگ پورہ اونتی پورہ میں مظاہرین اور فورسز کے درمیان شبانہ پر تشدد جھڑپوں کے بیچ ممکنہ طور پر جنگجو محاصرہ سے فرار ہوئے۔ ایس او جی ،فوج اور سی آر پی ایف سے وابستہ اہلکاروں نے اتوار کی شام دیر گئے ملنگ پورہ نامی علاقے کو گھیرے میں لیا۔جونہی فورسز اہلکاروں نے جنگجوئوں کی تلاش میں بستی کا محاصرہ کیا تو سینکڑوں کی تعداد میں مردوزن گھروں سے باہر آکر احتجاج کرنے لگے اور انہوں نے فورسز کو تلاشی لینے سے روک دیا۔اسی دوران اسلام اور آزادی کے حق میں زوردار نعرے بازی کے بیچ لائوڈ اسپیکروں کے ذریعے لوگوں سے گھروں سے باہر آنے کی اپیل کی گئی اور دیکھتے ہی دیکھتے لوگوں کا ہجوم سڑکوں پر امڈ آیا۔ فورسز نے جب انہیں منتشر کرنے کی کوشش کی تو لوگ مشتعل ہوئے اور انہوں نے بیک وقت کئی اطراف سے فورسز پر زبردست پتھرائو شروع کیا۔ابتدائی طور پر فورسز اور پولیس نے صبرو تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے تشدد پر آمادہ مظاہرین کے خلاف کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی، تاہم جب پتھرائو میں شدت پیدا ہوئی مظاہرین کو تتر بتر کرنے کیلئے پہلے لاٹھی چارج کیا گیا اور بعد میں اشک آور گیس کے گولے داغے گئے جس کے نتیجے میں علاقے میں اتھل پتھل مچ گئی اور لوگوں کو محفوظ مقامات کی طرف بھاگتے دیکھا گیا۔رات بھر علاقے میں جھڑپیں ہوتی رہیں اور رات کے اڈھائی بجے فورسز علاقے سے چلی گئی۔