ملاوٹی دودھ بیچنے والوں کیلئے سزائے موت

Towseef
2 Min Read

یو این آئی

ممبئی// مہاراشٹرا کے نائب وزیر اعلیٰ اور وزیر خزانہ اجیت پوار نے اسمبلی میں اس بات کی یقین دہانی کرائی ہے کہ دودھ میں ملاوٹ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔اسمبلی اراکین کی طرف سے دودھ میں ملاوٹ سے متعلق پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے پوار نے کہا کہ دودھ میں ملاوٹ ایک سنگین معاملہ، اسے روکنے کے لیے ریاستی حکومت نے پہلے ہی سزائے موت دینے کا قانون بنایا تھا۔ یہ قانون صدر مملکت کی منظوری کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔حالانکہ اجیت پوار نے کہا کہ صدر جمہوریہ کا دفتر یہ کہہ سکتا ہے کہ دودھ میں ملاوٹ کے لیے موت کی سزا نسبتاً بہت بڑی سزا ہے، اس لیے صدر نے ابھی تک اس پر دستخط نہیں کیے ہیں۔نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاستی حکومت کا موقف ہے کہ دودھ میں کسی قسم کی ملاوٹ نہیں ہونی چاہیے اور صارفین کو خالص اور ملاوٹ سے پاک دودھ ملنا چاہیے۔ حکومت اس سلسلے میں سنجیدہ ہے اور متعلقہ وزراء کی موجودگی میں وزیر خزانہ کی صدارت میں محکمہ خوراک و ادویات کی انتظامیہ کا اجلاس منعقد ہوگا۔ محکمہ کو دودھ میں ملاوٹ کو روکنے کے لیے ضروری افرادی قوت، مشینری اور جدید ٹیکنالوجی کی فراہمی کے لیے ضروری فنڈز فراہم کیے جائیں گے۔ پوار نے ایوان کو یقین دلایا کہ دودھ میں ملاوٹ کو روکنے کے عمل میں اگر کچھ کوتاہیاں رہ گئی ہیں تو انہیں دور کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا ہے کہ حکومت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ شہریوں کوخالص دودھ ملے۔ اجیت پوار نے کہا ہے کہ فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کو دودھ میں ملاوٹ کو روکنے کے لیے جدید ترین ٹیکنالوجی، مشینری اور مناسب افرادی قوت فراہم کرنے کے لیے ضروری فنڈز فراہم کیے جائیں گے۔

Share This Article