سرینگر //گونر انتظامیہ نے مختلف محکموں کے ساتھ منسلک ملازمین کو واپس اپنے متعلقہ دفاتر میں تعینات کرنے کے احکامات صادر کئے ہیں۔احکامات کی عمل آوری نہ کرنیوالے ملازمین کیخلاف کارروائی کرنے کا عندیہ دیا گیا ہے۔جنرل ایڈمنسٹریشن کی جانب سے جمعہ کو ایک حکم نامہ صادر کیا گیا ہے جس میں تمام محکموں کے افسران کو ہدایات جاری کی گئی ہے کہ تمام ایسے ملازمین کو، جن کو مختلف محکموں کے ساتھ عارضی طور پر منسلک کیا گیا ہے، کو واپس اپنے اپنے آبائی محکموں کو واپس کیا جائے ۔حکم نامے کے مطابق ہدایات کی خلاف ورزی کر نے والے ملازمین کو جولائی کی تنخواہ واگزار نہیں کی جائے گی ۔حکم نامے میں واضح کیا گیا ہے کہ جو کو ئی محکمے کا انچارج ایسے ملازمین کو واپس بلانے یا واپس کر نے میں ناکام ہو گا وہ خود خلاف ورزی کا مر تکب قرار پائے گا ۔حکم نامے کے مطابق ریاست کے تمام محکموں میں ہموار انتظامیہ فراہم کر نے کے لئے ایسا حکم نامہ جاری کیا گیا ہے تاکہ دفتری کام کاج میں کسی قسم کی کوئی غفلت نہ بر تی جائے ۔حکم نامے میں یہ بات بھی واضح کی گئی ہے کہ جو کو ئی بھی اٹیچ منٹ ضروری ہو اور اس کی کوئی ٹھوس وجوہات ہو تو یہ بھی 6ماہ سے زیادہ نہیں ہو نی چاہئے اور اس حوالے سے بھی اس کو متعلقہ صلاح کار سے پہلے سفارش کی ضرورت ہو گی ۔حکم نامے میں مزید بتایا گیا ہے کہ اس حوالے سے 16جوالائی تک جنرل ایڈ منسٹریشن میں حکم نامے کو عملانے کے حوالے سے رپورٹ جمع کی جانی چاہئے ۔