سرینگر// پرانی پنشن اسکیم (او پی ایس) کی بحالی مطالبہ کرتے ہوئے ، نئی پنشن سکیم (این پی ایس) کے تحت کام کرنے والے ملازمین نے لیفٹننٹ گورنر سے مطالبہ کیا کہ ان کے مسائل کو حل کیا جائے۔سرینگر کے پریس کالونی میں پیر کو پریس کانفرنس کے دوران ملازمین نے نئی پنشن اسکیم کی خامیوں کو گردانتے ہوئے کہا کہ یہ ان کے ساتھ سراسر نا انصافی ہے۔انہوں نے کہا کہ دوران ملازمت اگر کسی ملازم کی موت واقع ہوتی ہے، تو اس کے کنبے کو پنشن سے محروم رکھا جاتا ہے۔ انہوں نے اس بات کا بھی الزام عائد کیا کہ ان کی تنخواہ سے پنشن کیلئے کاٹے گئے رقومات کو بازار حصص میں لگایا جاتا ہے،اور جب انکی رقم ڈوب جاتی ہے تو مہینوں انہیں پنشن سے محروم رکھا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر میں نیز دیگر مرکزی زیر انتظام والے خطوں کے نسبت بھی این پی ایس ملازمین کے ساتھ امتیازی سلوک رو رکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے جموں کشمیر کے لیفٹننٹ گورنر منوج سنہا سے اپیل کی کہ وہ انکا معاملہ مرکزی سرکار کے ساتھ اٹھائے،تاکہ ان کے مسائل کا ازالہ ہوسکے۔انہوںنے کہا کہ یہ نہ صرف2لاکھ ملازمین کا مسئلہ ہے بلکہ جموں کشمیر میں دو لاکھ خاندانوں کو معاملہ ہے،جنہیں نئی پنشن اسکیم کے نتائج سے خدشات لاحق ہے۔