سرینگر//ریاستی ملازمین اور پنشنروںنے اُن کے حق میں مہنگائی بھتہ بروقت واگذار کرنے اور پنشن کے فوائدحاصل کرنے کے لئے کالیفائنگ سروس کی حدکم کرنے کے لئے مخلوط سرکارکے اقدامات کی سراہنا کی ہے۔اس دوران ڈاکٹر درابو گورنر سے ملاقی ہوئے۔ ملازمین نے بالخصوص وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی ، وزیر خزانہ ڈاکٹر حسیب اے درابو ، چیف سیکرٹری بی بی ویاس ، کمشنرسیکرٹری فائنانس نوین چودھری کا شکریہ ادا کیا ہے۔وزیر خزانہ ڈاکٹر حسیب اے درابو نے کہا کہ یہ اقدامات کسی مطالبے کے بغیر اٹھائے گئے ہیں جس کے ملازمین کے مفادات کے تئیں سرکار کی سنجیدگی کا مظاہرہ ہوتا ہے ۔انہوںنے کہا کہ حکومت ساتویں تنخواہ کمیشن کو لاگو کرنے کے لئے عنقریب اقدامات کرے گی۔ڈاکٹر درابو نے کہاکہ حکومت ملازمین کی بہبودی کو یقینی بنانے کی خواہ ہے اور ملازمین کو چاہیئے کہ وہ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی قیادت والی سرکا رکا ایجنڈا آگے لے جانے کے لئے لگن اور تن دہی کے ساتھ کام کریں۔سرکاری ملازمین نے کہا کہ ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ کسی بھی ریاستی سرکار نے ملازمین کی جانب سے احتجاج اور مطالبے کے بغیر اُ ن کے حق میں مہنگائی بھتہ واگذار کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پچھلے دو سال کے دوران موجودہ حکومت نے ملازمین کے مطالبات کا انتظار کئے بغیر 30فیصد مہنگائی بھتہ واگذار کیا ہے۔ملازمین نے کہا کہ اس طرح کے ملازم دوست اقدامات نے انہیں یقین دلایا کہ حکومت اُن کی مفادات کو تحفظ فراہم کرنے میں سنجیدہ ہے او راس طرح ملازمین کو مزید محنت کرنے کی تحریک ملے گی۔انہوںنے کہا کہ پنشن کے فوائد حاصل کرنے کے لئے کالیفائینگ سروس کی حد 33 سال سے کم کر کے 20سال کرنا بھی حکومت کا ایک حوصلہ افزا قدم ہے۔ملازمین نے مزید کہا کہ عارضی مو الاﺅنس کو 10ہزار روپے سے 15ہزار روپے کرنا حکومت کا قابل ستائش قدم ہے ۔انہوںنے کہا ہے کہ ایسے اقدامات سے یہ پیغام ملتا ہے کہ موجودہ حکومت اپنے ملازمین کی بہبودی کے لئے کام کررہی ہے۔ادھر وزیر خزانہ ڈاکٹر حسیب اے درابو نے یہاں گورنر این این ووہرا کے ساتھ ملاقات کی۔ڈاکٹر درابو نے کل کی کابینہ میٹنگ میں لئے گئے فیصلوں کے بارے میں جانکاری دینے کے علاوہ ریاست میں جی ایس ٹی کی عمل آوری کے لئے تشکیل دئیے گئے ، مجوزہ مسودہ کے بارے میں بھی بتایا ۔گورنر نے موثر مالی انتظامات کے تعلق سے ڈاکٹر درابو کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔