عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// حکام نے اس سال کی سالانہ امرناتھ یاترا کو، اس کے مقررہ اختتام سے ایک ہفتہ قبل، حالیہ شدید بارشوں سے تباہ ہونے والے پٹریوں کی دیکھ بھال کی ضرورت کے پیش نظر، معطل کر دیا ہے۔ حکام نے ہفتہ کو بتایا کہ3 جولائی کو شروع ہونے والی یہ یاترا 9 اگست کو رکھشا بندھن کے موقع پر اختتام پذیر ہونی تھی۔ تاہم شدید بارش کے پیش نظر شروع کیے جانے والے “انتہائی اہم مرمت اور دیکھ بھال کے کاموں” کے پیش نظر اسے ایک ہفتہ پہلے ہی مختصر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ڈویژنل کمشنر کشمیر، وجے کمار بیدھوری نے کہا، “حالیہ بھاری بارش اور یاترا کے راستے کے بالتال اور پہلگام دونوں ٹریک کی دیکھ بھال کی ضرورت کی وجہ سے، یاترا کی نقل و حرکت دونوں پٹریوں پر بند کر دی گئی ہے،” ۔ ڈویژنل کمشنرنے کہا”یہ مشاہدہ کیا گیا ہے کہ پٹریوں کی حالت دیکھ کر، ہم یاترا کو دوبارہ شروع نہیں کر سکیں گے۔ اس لیے یاترا 3 اگست سے دونوں راستوں سے معطل رہے گی،” ۔بیدھوری نے کہا کہ اس سال 410,000 یاتریوں نے گھپا کے درشن کئے جبکہ اس کے مقابلے میں پچھلے سال 510,000 سے زیادہ نے حاضری دی۔