سرینگر// تاہڑ جیل میں پھانسی پر چڑھائے گئے مرحوم محمد مقبول بٹ اور محمد افضل گورو کی برسیوں کی مناسبت سے مشترکہ مزاحمتتی قیادت بشمول سید علی گیلانی ،میرواعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے 9اور 11فروری کو ریاست گیر ہڑتال کی اپیل کی ہے۔اس حوالے سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مرحوم محمد مقبولؒ بٹ اور محمد افضل گورو کی جدوجہد اور قربانی تاریخ کشمیر کا تابناک باب ہے ۔ بھارت نے ان دونوں کشمیریوں کو نہ صرف یہ کہ تختہ دار پر لٹکاکر جاں بحق کیا بلکہ ان کی اجساد خاکی اور باقیات کو بھی آج تک اپنی قید میں رکھا ہوا ہے ۔دونوں مرحومین کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے مشترکہ مزاحمتی قیادت نے کہاہے کہ کشمیری ان کی قربانیوں اور جدوجہد کو کسی بھی صورت میں فراموش نہیں کرسکتے ۔محمد مقبول بٹ اور افضل گورو کی برسیوں کی مناسبت سے منظم و مربوط احتجاجی پروگرام کا اعلان کرتے ہوئے مشترکہ قیادت نے کہا کہ امسال بھی محمد افضل گورو کی برسی کی مناسبت سے جمعہ مورخہ 09؍ فروری2018ء کو مکمل اور ہمہ گیر احتجاجی ہڑتال کی جائے گی جبکہ اسی روز جموں کشمیر کی سبھی مساجد میںمرحومین کی باقیات کی واپسی کیلئے آواز بلند کرنے کی غرض سے ایک قرار داد پیش کرنے کے ساتھ ساتھ اسی حوالے سے پرامن احتجاجی مظاہرے بھی کئے جائیں گے۔ 11؍ فروری ‘ یوم مقبولؒ پر بھی مکمل اور ہمہ گیر احتجاجی ہڑتال ہوگی جبکہ اسی دن دونوں مصلوبین کی اجساد خاکی اورباقیات کی واپسی کے حوالے سے ‘ اقوام متحدہ کے مقامی مبصر آفس پر جاکر‘ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے نام ایک یادداشت بھی پیش کی جائے گی۔پروگرام کو کامیاب بنانے کی اپیل کرتے ہوئے مشترکہ قیادت نے کہا کہ فرزند کشمیر محمد افضل گورو اور مرحوم محمد مقبول بٹ کی برسی 9؍ فروری بروز جمعہ نیز 11؍ فروری بروز اتوار پرانہیں شایان ِ شان طریقے پر خراج عقیدت ادا کرنے کیلئے مکمل اور ہمہ گیر احتجاجی ہڑتال کی جائے گی اور اپنے کاروبار، دفاتر، ٹرانسپورٹ اور جملہ سرگرمیاں معطل رکھی جائیں گی۔