شوپیان+کولگام// بٹہ گنڈ شوپیان میں خونین معرکہ آرائی کے دوران جنگجوئوں کی ہلاکت پر جنوبی کشمیر کے 2اضلاع شوپیان اور کولگام اُبل پڑے ،جس دوران مظاہرین پر فورسز کی ٹیر گیس شلنگ ،پیلٹ وبلٹ فائرنگ کے نتیجے میں17سالہ نوجوان جاں بحق اور کم ازکم 68دیگر زخمی ہوئے جن میں 5کو گولیاں لگیں جبکہ 15پیلٹ لگنے سے مضروب ہوئے ۔19شدید زخمیوں کو سرینگر منتقل کردیا گیا۔پیلٹ سے زخمی ہونے والوں میں ڈیڑھ سال کی بچی حبا نثار بھی شامل ہے۔اس دوران شوپیان میں کی موٹر سائیکلوں کو نذر آتش کیا گیا جبکہ متعدد پرائیوٹ کاریں تباہ کی گئیں۔
شہری ہلاکت
بٹہ گنڈ کاپرن شوپیان میں معرکہ آرائی کے بیچ مظاہرین اور فورسز کے مابین شدید جھڑپیں ہوئیں ۔بٹہ گنڈ اور آس پاس کے درجنوں دیہات کے لوگ صبح سویرے یہاں پہنچ گئے اور انہوں نے فورسز پر مشتعل ہو کر شدید پتھرائو کیا ۔فورسز نے جوابی کارروائی میں مشتعل مظاہرین کو تتر بترکرنے کیلئے ٹیر گیس شلنگ ،پیلٹ فائرنگ اور ہوا میں گولیاں بھی چلائیں ۔تاہم مظاہرین منتشر ہونے کے بجائے احتجاج پر بضد رہے ،جس دوران طرفین کے مابین شدید نوعیت کی جھڑپیں ہوئیں ۔مظاہرین نے بٹہ گنڈ پنچایت گھر کو بھی نذر آتش کیا۔ فورسز نے مشتعل مظاہرین کو تتربتر کرنے کے بعد ازاں بندوقوں کے دھانے بھی کھولے ۔ شلنگ ،پیلٹ وبلٹ فائرنگ کے باعث 68مظاہرین زخمی ہوئے ۔ اور کشیدہ صورتحال کے پیش نظر اسپتالوںمیں ایمرجنسی نافذ کی گئی ۔ صورتحال اُس وقت انتہائی کشیدہ ہوئی جب کولگام بھی اُبل پڑا ۔نعمان اشرف ساکن بولسو بوگام کیموہ نامی ایک نوجوان فورسز کے ساتھ جھڑپوں کے دوران بٹہ گنڈ میں زخمی ہوگیا جسکو کولگام کے ضلع اسپتال پہنچایا گیا۔ نعمان کو گولی لگی تھی اور وہ اسپتال پہنچنے سے قبل ہی دم توڑ بیٹھا تھا۔نعمان اْن متعدد شہریوں میں شامل تھا جو بٹہ گنڈ میں معرکہ آرائی کی جگہ کے آس پاس فورسز کے ساتھ جھڑپوں میں زخمی ہوا تھا۔17سالہ نعمان اشرف دسویں جماعت میں زیر تعلیم تھا۔اسکی نماز جنازہ میں ہزاروں لوگوں نے شرکت کی اور شام کے قریب انہیں سپرد خاک کیا گیا۔اس دوران جائے جھڑپ کے نزدیک جو لوگ زخمی ہوئے ان میں سے ڈ یڑھ سال کی بچی حبا نثار دختر نثار احمد بٹ ساکن کاپرن بھی شامل ہے جس کی دائیں آنکھ میں پیلٹ لگے ہیں۔دیگر زخمیوں میں سے شوپیان ضلع اسپتال میں 36 داخل کئے گئے جن میں سے گولیاں اور پیلٹ لگنے سے شدید زخمی ہوئے 6نوجوانوں کو سرینگر منتقل کردیا گیا۔پرائمری ہیلتھ سینٹر وہیل میں 15زخمی لائے گے جن میں سے 7کو منتقل کیا گیا اور 8کی مرہم پٹی کی گئی۔کولگام ضلع اسپتال میں 16داخل کئے گئے جن میں سے ایک کی ہلاکت ہوئی جبکہ بلٹ اور پیلٹ سے زخمی ہونے والے 6نوجوانوں کو سرینگر منتقل کیا گیا۔اننت ناگ میں پیلٹ سے زخمی ہونے والے ایک نوجوان کو داخل کیا گیا۔کل زخمیوں میں سے 15پیلٹ سے شدید زخمی ہوئے اور 5کو گولیاں لگیں ۔جن میں سے ایک کی موت واقع ہوئی اور 19کو سرینگر منتقل کیا گیا۔ادھر شوپیان ٹائون کے جاں بحق جنگجو کی لاش جب پولیس لائنز میں لائی گی تو پورا قصبہ امڈ پڑا۔پولیس سٹیشن، مین بازار، پولیس لائنز اور دیگر مقامات پر اب کی شدید تشدد آمیز جھڑپیں ہوئیں جن میں کئی پولیس اہلکاروں کو بھی چوٹیں آئیں۔ْسبے میں ہر طرف شلنگ اور پیلٹ چلائے گئے اور جب مظاہرین زیادہ مشتعل ہوئے تو انہوں نے پولیس لائنز کا نشانہ بنایا۔ اس موقعہ پر فورسز اہلکار باہر آئے اور انہوں نے ہوای فارنگ کے ساتھ ساتھ شلنگ اور پیلٹ چلائے۔مظاہرین کا الزام ہے کہ جب وہ مہلوک جنگجو کی لاش لینے کیلئے گئے تو فورسز اہلکار مشتعل ہوئے اور انہوں نے ہوائی فائرنگ کرکے انہیں بھگایا اور بعد میں 3موٹر سائیکلیں پھونک ڈالیں اور 3کاروں کو تباہ کیا۔