عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//جموں و کشمیر ٹریڈ پروموشن آرگنائزیشن (جے کے ٹی پی او) متعلقہ ضلعی اِنتظامیہ کے اِشتراک سے جموںوکشمیر یوٹی کے تمام اَضلاع میں اِی۔ کامرس آن بورڈنگ مہم کا اِنعقاد کر رہا ہے۔ چیف سیکرٹری جموں و کشمیر اَتل ڈولو کی ہدایت پراور کمشنر سیکرٹری صنعت و حرفت محکمہ وِکرم جیت سنگھ کی رہنمائی میںجے کے ٹی پی او کی طرف سے آن بورڈنگ مہموں کا اِنعقاد کیا جارہا ہے جس کا مقصد مقامی کاروباری افراد کو ڈیجیٹل کامرس پلیٹ فارموں میں ضم کرنا ہے تاکہ اُن کی عالمی مارکیٹ کو بڑھایا جاسکے۔جے کے ٹی پی اونے پلوامہ میں ،ضلعی اِنتظامیہ پلوامہ کے اِشتراک سے زائد اَز 150 کاروباری اَفراد بشمول خواتین تاجروں، برآمد کنندگان، کاشتکاروں اور سرکاری اہلکاروں کی جانب سے اِی۔ کامرس کمپنیوں کی پُرجوش شرکت دیکھی گئی۔پونچھ میں منعقدہ تقریب میں 150 سے زائد مقامی تاجروں، کاریگروں اورفروخت کنندگان نے شرکت کی۔ جس میں 50فروخت کنندگان نے مختلف شعبوں میں موقعہ پر اِندراج کیا۔منیجنگ ڈائریکٹر جے کے ٹی پی او خالد جہانگیر نے مقامی کاروباری اَفراد کو بااِختیار بنانے اور روایتی حدود سے بالاتر ہو کر ان کی مارکیٹ تک رسائی کو بڑھانے کے لئے ان اقدامات کی اہمیت پر زور دیا۔یہ تقریبات پورے جموں و کشمیر میں منصوبہ بندی کے ایک سلسلے کا آغاز ہیںجو مقامی کاروباروں کو اِی۔ کامرس پلیٹ فارموں کے ساتھ مربوط کرکے سماجی و اِقتصادی منظر نامے کو بہتر بنانے کے لئے جے کے ٹی پی او کی مسلسل کوششوں کی عکاسی کرتی ہیں۔