جموں//جموں مسلم فرنٹ نے ایک ہندی روزنامے کے خلاف احتجاج کیاہے جس کے صفحہ اول پر گزشتہ روز سمبل میں مارے گئے جنگجوئوں کی تصاویر میں جموں کے ایک نوجوان کی بھی تصویر شائع کی گئی ہے۔ فرنٹ کے لیڈرشجاع ظفر،چیئرمین وصدرعمران قاضی نے اس اشاعت کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ میڈیاکے کچھ حلقے جموں کے مسلمانوں کی شبیہ بگاڑنے کی کوشش کرکے ماحول کونفرت انگیز بنانے کا کام کررہے ہیں۔ شجاع ظفرنے وزیراعظم سے اپیل کی کہ وہ جموں وکشمیرکے لوگوں کی طرف خصوصی توجہ مرکوزکریں اوران کی حالت زارپررحم کریں کیونکہ انہیں جان بوجھ کرسازش کاشکاربنایاجارہاہے اوراس کی تازہ مثال ایک ہندی روزنامے کی جانب سے جموں تالاب کھٹیکاں کے ایک مسلم نوجوان جوکہ زندہ ہے، کی تصویر شائع کرناہے جس سے صاف ظاہرہے کہ ہندی روزنامہ مسلم دشمن ایجنڈا پرعمل پیراہوکرغیریقینی صورت حال پیداکرنے کی کوشش کررہاہے ۔شجاع ظفرنے کہاکہ جموں کے مسلمان پرامن شہری ہیں اورمیڈیاکوچاہیے وہ ذمہ داری کے ساتھ خبریں شائع کرے۔ قاضی نے ایسے اخبارات وچینلوں پرپابندی عائدکرنے کامطالبہ کیاجوغلط اورگمران کن خبریں شائع کرتے ہیں۔