بانڈی پورہ +بارہمولہ// ریاست میں رسل و رسائل کو دوام بخشتے ہوئے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے بانڈی پورہ اور بارہمولہ اضلاع میں60 کروڑ روپے مالیت کے کئی سڑک پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھا۔وزیر اعلیٰ نے15 کلو میٹر لمبی ہائیگام۔ تارزو، سوپور سڑک کی کشادگی اور تجدید کاری پروجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھا۔14 کروڑ15 لاکھ روپے کی تخمینہ لاگت والی اس2 گلیاروں والی سڑک کی چوڑائی4 میٹر ہوگی۔اس سڑک پروجیکٹ کے تحت چُھورا۔ واگُب اور چھانہ کھن سوپور بائی پاس بھی آئے گا جس سے ملحقہ علاقہ جات کو قصبہ سوپور اور ومی شاہراہ سے رسائی ملے گی۔اس موقعہ پر مقامی لوگوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاست کے لئے کئی سڑک اور ٹنل پروجیکٹوں کا منصوبہ ہے جس سے نہ صرف عوام اور مختلف علاقوں کو ملانے میں مدد ملے گی بلکہ اقتصادیات کو بھی کافی فروغ ملے گا۔سوپور میں محبوبہ مفتی نے10 کلو میٹر لدورہ۔ اچھہ بل سڑک کی کشادگی کے کام کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس پر17 کروڑ11 لاکھ روپے کی لاگت آنے کا تخمینہ ہے۔انہوں نے قصبہ میں پانی کی سپلائی میں بہتری، سب ضلع ہسپتال سوپور کے کام کو مکمل کرنے اور گرلز ہائیر سکینڈری سکول کو دوسری جگہ منتقل کرنے کی مانگ کی۔ وزیر اعلیٰ نے انہیں مطالبات پر غور کرنے کی یقین دہانی دی۔ محبوبہ مفتی نے سوپور۔ شیوا سڑک کی اپ گریڈیشن کے کام کا بھی ڈانگرپورہ میں سنگ بنیاد رکھا۔24 کلو میٹر لمبی اس سڑک کو17 کروڑ65 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جائے گا۔ انہوں نے متعلقہ ایجنسیوں کو18 ماہ کے اندراس کام کو مکمل کرنے کی ہدایت دی۔وزیر اعلیٰ نے بانڈی پورہ کا دورہ کر کے13.20 کلو میٹر لمبی بانڈی پورہ۔ ارن نادی ہل سڑک کا بھی سنگ بنیاد رکھا۔ مذکورہ سڑک کو10 کروڑ56 لاکھ روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا۔ سڑک کی تکمیل سے12 دیہات کے32 ہزار نفوس کو فائدہ ملے گا۔محبوبہ مفتی نے ڈی سی آفس کمپلیکس میں نئے تعمیر شدہ کانفرنس ہال کا بھی افتتاح کیا۔ اسے4 کروڑ45 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا ہے۔وزیر اعلیٰ نے بارہمولہ کے اپنے دورے کے دوران2 ہوسٹلوں اور کمیونٹی ہال کے علاوہ جموں وکشمیر بنک کے کرنسیChest کا بھی سنگ بنیاد رکھا۔وزیر اعلیٰ نے گرلز ہائیر سکینڈری سکول بارہ مولہ میں3 کروڑ6 لاکھ روپے کی تخمینہ لاگت والے گرلز ہوسٹل کا بھی سنگ بنیاد رکھا۔محبوبہ مفتی نے پروجیکٹ کو رواں سال کے آخر تک مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے اندرونی راستے پر پانی جمع ہونے اور کیمپس کی چند عمارتوں کی حالت پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے ان کی تجدید کاری کے لئے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔ وزیر اعلیٰ نے سکول میں کامرس اور ہوم سائنس مضمون شروع کرنے کے بھی احکامات دیئے۔ وزیر اعلیٰ نے7 کروڑ45 لاکھ روپے کی تخمینہ لاگت والے جانباز ولی کمیونٹی ہال کا بھی سنگ بنیادر کھا۔محبوبہ مفتی نے خواجہ باغ میں100 بستروںوالے گُجر بکروال ہوسٹل کا بھی سنگ بنیاد رکھا۔3 کروڑ26 لاکھ روپے لاگت والے اس ہوسٹل کو اگلے سال جنوری تک مکمل کرنے کی توقع ہے۔وزیر اعلیٰ نے کانسپورہ میں جموں وکشمیر بنک کے کرنسیChest کا بھی افتتاح کیا۔7 کروڑ روپے کی لاگت والی اس سہولیت سے ضلع کے88 بزنس یونٹوں کے لئے کیش دستیاب ہوگا۔