سمت بھارگو
راجوری// پونچھ کے سرحدی علاقوں کے دورے پر آئے قائد حزب اختلاف راہول گاندھی سے مقامی لوگوں نے اہم عوامی مسائل کو اجاگر کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان مسائل کو قومی سطح پر اٹھایا جائے گا اور ان کا مناسب ازالہ ممکن بنایا جائے گا۔راہل گاندھی سے ملاقات کرنے والوں میں گردوارہ سنگھ سبھا پونچھ، گیتا مندر پونچھ، جامعہ ضیاء العلوم پونچھ سمیت دیگر مقامات پر مختلف طبقات کے لوگ شامل تھے جنہوں نے اپنی اپنی پریشانیاں اور مطالبات ان کے سامنے رکھے۔پونچھ سناتن دھرم سبھا کے صدر نے راہل گاندھی سے بات کرتے ہوئے ان کے دورے کو سراہا اور کہا کہ ’’ہمارا سب سے اہم مسئلہ بنکروں کا ہے، کیونکہ موجودہ بنکروں کی تعداد انتہائی کم ہے اور فوری طور پر نئے بنکروں کی تعمیر کی ضرورت ہے‘‘۔انہوں نے مزید کہا کہ پونچھ اور راجوری کے لوگ دیہاتی دفاعی کمیٹیوں کو دیہاتی دفاعی گارڈز میں تبدیل کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں، جس طرح ڈوڈہ اور کشتواڑ میں کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ، پونچھ کے دیگر مقامی باشندوں نے متاثرہ خاندانوں کو دیے جانے والے کم معاوضے پر بھی اعتراض کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جن لوگوں کے مکانات مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں، انہیں صرف 1.2 لاکھ روپے بطور معاوضہ دیا گیا ہے، جو کسی بھی صورت میں قابلِ قبول نہیں۔مقامی لوگوں نے زور دے کر کہا کہ حکومت کو بنکروں کی تعمیر، دیہاتی دفاع کے نظام کی بہتری اور مناسب معاوضے کی فراہمی جیسے اہم مسائل پر فوری توجہ دینی چاہیے تاکہ سرحدی عوام خود کو محفوظ اور باعزت محسوس کر سکیں۔