راجوری//خوراک ، شہر ی رسدات اور امور صارفین کے وزیر چودھری ذوالفقار علی نے کہا ہے کہ سرکار مقامی محققین کی حوصلہ افزائی کیلئے کوشاں ہے تاکہ وہ مختلف شعبوں کے چیلنجوں سے اُبھرنے میں اپنی صلاحیتوں کا بھر پور استعمال کر سکے۔انہوںنے کہا کہ پیہم ترقی اور نمو کے لئے محققین کا رول کافی اہم ہے اسلئے اُن کو فروغ دینا کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔وزیر نے کہاکہ سرکار ایک ایسا ماحول قائم کرنے کیلئے کار بند ہے جہاں اختراعی اقدامات پیہم ترقی کو یقینی بنانے میں معاون ثابت ہوں گے۔ انہوںنے کہاکہ اختراع سے نہ صرف نئی اشیاء سامنے آتی ہے بلکہ زیادہ سے زیادہ معیاری پیداواری طریقے کار بھی سامنے آتے ہیں جس سے عوام کی روزمرہ کی زندگی میں انقلابی تبدیلیاں آتی ہیں۔ پی جی کالج راجوری میں نیشنل کانفرنس آن انٹر ڈسپلنری سائنسز اینڈ ہیومنٹیز کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر نے کہاکہ پیہم ٹیکنالوجی کو اپنانے کا وقت آگیا ہے۔انہوںنے کہا کہ ہنر مندی کا فروغ بے حد اہم ہے اس لئے ہمیں اپنے اداروں کو ہنرمندی کے مراکز بنانے ہوں گے۔انہوںنے کہاکہ تحقیق اور اختراع سے ٹیکنالوجی سے جڑے نپٹنے میں ایک لائحہ عمل سامنے آئے گا۔کانفرنس کے انعقاد پر کالج کی سراہنا کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ ایسی کانفرنسوں کی انعقاد سے دانشوروں اور محققین کو پلیٹ فارم فراہم ہوتا ہے۔وزیر نے کالج کی بہبودکے لئے 5کروڑ روپے فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا۔