یو این آئی
سرینگر//کشمیری پنڈت کی ہلاکت کے خلاف مقامی لوگوں نے سڑکوں پر آکر احتجاجی مظاہرئے کئے اور ملوثین کو جلدازجلد انجام تک پہنچانے کا مطالبہ کیا۔ اچھن پلوامہ میں کشمیری پنڈت کی ہلاکت کے خلاف لوگوں نے احتجاجی مظاہرئے کئے۔ مظاہرین کشمیریت کو بچائو، بھائی چارہ کو بچائو اور خون ناحق بہانا بند کرو ،کے نعرے لگا رہے تھے۔ مظاہرین نے بتایا کہ مہلوک کشمیری پنڈت ہمارا بچن کا دوست تھا اور وہ کافی انسان دوست شخصیت کے مالک تھے۔اْن کے مطابق جس تنظیم سے وابستہ ملی ٹینٹ نے ہمارے بھائی کو شہید کیا وہ اسلام دشمن اور انسان دشمن ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ پچھلے چالیس برسوں سے سنجے کمار اچھن پلوامہ میں رہائش پذیر تھا اور حالات خراب ہونے کے باوجود بھی وہ یہی پر اپنے مسلمان بھائیوں کے ساتھ رہا۔مظاہرین کے مطابق پورے گاوں میں ماتم چھایا ہوا ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ ہمارے گائوں کے لئے ایک بد نما داغ ہے کہ ایک کشمیری پنڈت کو بے دردی کے ساتھ قتل کیا گیا۔جونہی سنجے کی لاش گھر لائی گئی تو یہاں رقعت آمیز مناظر دیکھنے کو ملے۔ سینکڑوں مسلمان مرد و زن جمع تھے جو زاروقطار رو رہے تھے۔سارے گائوں میں ماتم کی سی کیفیت تھی اور بعد میں ہزاروں لوگوں کی موجودگی میں سنجے کی آخری رسومات ادا کی گئیں۔
مقامی لوگوں کا احتجاج | ہلاکت انسانیت پر بد نما داغ قرار
