فہیم احمد عبدالباری مومن
(گذشتہ سے پیوستہ)
۔ ’’گروپ اے ‘‘پوسٹ : ’گروپ اے ‘کے تحت اسامیوں کی تقرری یونین پبلک سروس کمیشن ، سول سروس امتحان، انجینئرنگ سروس امتحان اور کمبائنڈ میڈیکل سروس امتحان کے ذریعے کی جاتی ہے۔ ’’گروپ بی ‘‘پوسٹ : ’گروپ بی‘ اسامیوں میں براہ راست تقرری نہیں ہوتی بلکہ اس کیٹیگری کی پوسٹ جیسے سیکشن آفیسر وغیرہ گروپ سی سے ترقی دے کر پُر کی جاتی ہے۔ ’’گروپ سی ‘‘پوسٹ : ’گروپ سی ‘ کے تحت ٹیکنیکل اور نان ٹیکنیکل پوسٹ مثلاً کلرک ، اسٹیشن ماسٹر، ٹکٹ کلیکٹر، کمرشیل اپرینٹس، ٹرافک اپرینٹس، انجینئرنگ پوسٹ(سول ، میکانیکل، الیکٹریکل ، سگنل اور ٹیلی کمیونکیشن وغیرہ ) کی ہوتی ہیں۔ ’’گروپ ڈی ‘‘پوسٹ : ’گروپ ڈی‘ کی پوسٹ ٹریک مین، اسسٹنٹ ، ہیلپر، اسسٹنٹ پوائنٹس مین، صفائی والا ، صفائی والی ،گن مین ، پیون وغیرہ پر مشتمل ہوتی ہے۔ ریلوے میں مختلف ملازمتوں کے لیے تعلیمی قابلیت دسویں ، آئی ٹی آئی سے لے کر گریجویٹ اور مخصوص اسامیوں کے لیے میڈیکل و انجینئرنگ و دیگر شعبوں میں تعلیمی قابلیت ضروری ہے۔ لیکن ان تمام ملازمتوں کے لیے امیدواروں کو مقابلہ جاتی امتحانات سے گزرنا پڑتا ہے۔ حکومت نے دسویں کے ساتھ جن شعبوں میں آئی ٹی آئی کی شرط لازمی تھی اس میں سے آئی ٹی آئی کی شرط کو ختم کردیا ہے۔ اب دسویں ، بارہویں اور گریجویٹ کامیاب طلبہ اپنی لیاقت کے مطابق درخواست دے سکتے ہیں۔نصاب و دیگر معلومات کے لیے ریلوے کی ویب سائٹ http://www.rrcb.gov.in/rrbs.html سے استفادہ کیا جاسکتاہے۔
جیوڈیشیل مجسٹریٹ فرسٹ کلاس امتحان (JMFC) ؟ وکالت کامیاب (ایل ایل بی) امیدوار سیشن کورٹ میں بحیثیت جج کی تقرری کے لیے مہاراشٹر پبلک سروسیس کمیشن کے ذریعے منعقدہ اس امتحان میں شرکت کرسکتے ہیں۔اس امتحان کو ایم پی ایس سی سول جج (جونیر ڈویژن) امتحان بھی کہا جاتا ہے۔ اس امتحان کا طریقہ کار بھی پریلمنری ، مینس اور انٹرویو پر مشتمل ہوتا ہے۔ پریلمنری امتحان میں ۲۰۰ مارکس کا ایک پرچہ جبکہ مینس امتحان میں سو،سو مارکس کے دو پرچے ہوتے ہیںاور انٹرویو کے لیے پچاس مارکس مختص ہوتے ہیں۔ امتحانات کے نوٹیفکیشن و دیگر تفصیل کے لیے امیدوار www.mpsc.gov.in سے استفادہ کرسکتے ہیں۔
کمبائنڈ ڈیفینس سروسیس (CDS) ؟ بھارتی فوج کے مختلف شعبوں آرمی ، نیوی اور ائیر فورس میں شامل ہوکر کرئیر بنانے کے خواہشمند امیدواروں کے لیے یونین پبلک سروسیس کمیشن سال میں دو مرتبہ کمبائنڈ ڈیفینس سروسیس کے امتحانات منعقد کرتی ہے۔ ان امتحانات کے ذریعے انڈین ملیٹری اکیڈمی، آفیسرس ٹریننگ اکیڈمی، انڈین نیول اکیڈمی اور انڈین ائیر فورس اکیڈمی میں تقرری کی جاتی ہے۔ ان امتحانات میں شرکت کے لیے غیر شادی شدہ گریجویٹ جن کی عمر۱۹ تا ۲۴ سال کے درمیان ہونا لازمی ہے۔ امیدواروں کو آبجیکٹیو ٹائپ تحریری امتحانات میں شرکت کرنی ہوتی ہے۔ تحریری امتحانات میں کامیاب ہونے والے امیدواروں کو سروس سلیکشن بورڈ انٹرویو کے لیے منتخب کرتا ہے یہ انٹرویو عموماً ایک ہفتے پر مشتمل ہوتے ہیں جس کے دوران امیدوار کو جسمانی اور نفسیاتی ٹیسٹ سے گذرنا پڑتا ہے۔ ٹیسٹ میں کامیابی کے بعد میڈیکل جانچ کے مرحلے سے گذرنا ہوتا ہے۔ انڈین ملیٹری اکیڈمی، انڈین نیول اکیڈمی اور انڈین ائیر فورس اکیڈمی کے امتحانات انگریزی ، جنرل نالج، بنیادی ریاضی کے سو ، سو مارکس کے تین پرچے تین سو مارکس پر مشتمل ہوتے ہیں جبکہ آفیسرس ٹریننگ اکیڈمی کے لیے انگریزی اور جنرل نالج پر مشتمل سو،سو مارکس کے دو پرچے ہوتے ہیں۔ ان امتحانات کے نوٹیفکیشن ، نصاب ، پرچوں کی تفصیل اور تیاری کے طریقہ کار کے لیے ویب سائٹ www.upsc.gov.in سے استفادہ کیا جاسکتا ہے۔
نیشنل ڈیفینس اکیڈمی (NDA) ؟ بارہویں جماعت کامیاب طلبہ کے لیے آرمی ، نیوی اور ائیر فورس میں شامل ہونے کا دوسرا ذریعہ نیشنل ڈیفینس اکیڈمی ہے۔ یہ ادارہ کھڑک واسلہ ،پونے، مہاراشٹر میں واقع ہے جہاں انڈین آرمڈ فورسیس کے تینوں شعبوں آرمی، نیوی اور ائیر فورس کی ٹریننگ دی جا تی ہے۔ اس کے امتحانات یو پی ایس سی کے تحت منعقد کیے جاتے ہیں۔ اس اکیڈمی کی خاص بات یہ ہے کہ یہ دنیا کی پہلی ایسی اکیڈمی ہے جو ایک ہی مقام پر تینوں خدمات کی تربیت کا مرکز ہے۔ اکیڈمی میں داخلے سال میں دو مرتبہ (جنوری اور جولائی) ہوتے ہیں ۔ صرف غیر شادی شدہ مرد امیدوار ہی امتحان میں شرکت کرسکتے ہیں۔امیدوار کی عمر کم از کم ساڑھے سولہ برس اور زیادہ سے زیادہ ساڑھے انیس برس ہونی چاہیے۔ منتخب امیدواروں کو تین برس پر مشتمل انڈر گریجویٹ کورس اور ٹریننگ مکمل کرنی ہوتی ہے ۔ امیدوار سائنس اور ہیومنیٹیز کے مضامین منتخب کرسکتا ہے۔ سائنس فیکلٹی کے طلبہ کو فزکس ، کیمسٹری ، میتھس یا کمپیوٹر سائنس جبکہ ہیومنیٹیز کے طلبہ تاریخ ، معاشیات، سیاسیات اور جغرافیہ کا مطالعہ کرنا ہوتا ہے جبکہ انگریزی او ر ایک بین الاقوامی زبان (عربک،چائنیز، فرینچ، یا رشین ) کا مطالعہ لازمی ہے۔کورس مکمل ہونے پر جواہر لال نہرو یونیورسٹی کی جانب سے بی اے /بی ایس سی یا بیچلر ان کمپیوٹر سائنس کی ڈگری تفویض کی جاتی ہے۔ دلچسپی رکھنے والے طلبہ یاد رکھیں کہ اکیڈمی میں آرمی میں داخلے کے لیے بارہویں (کسی بھی فیکلٹی سے ) جبکہ ائیر فورس اور نیوی میں داخلے کے لیے بارہویں فزکس اور میتھس سے کامیاب ہونے کے علاوہ اکیڈمی کی مجوزہ جسمانی اور میڈیکل شرائط پورا کرنا لازمی ہے۔ تین سال کا گریجویشن مکمل کرنے کے بعد امیدواروں کو آرمی امیدواروں کو انڈین ملیٹری اکیڈمی، بحریہ کے امیدواروں کو انڈین نیول اکیڈمی میں ایک سال تربیت جبکہ ائیر فورس کے امیدواروں کو ائیر فورس اکیڈمی حیدرآباد میں دیڑھ سال کی تربیت حاصل کرنا لازمی ہے۔
نیشنل اہلیتی ٹیسٹ و اسٹیٹ اہلیتی ٹیسٹ (NET / SET) ؟ ایسے پوسٹ گریجویٹس جو ڈگری کالج اور یونیورسٹی سطح پر درس و تدریس سے دلچسپی رکھتے ہوں ان کے لیے یو جی سی (یونیورسٹی گرانٹس کمیشن) ، نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) کے توسط سے سال میں دو مرتبہ نیشنل ایلیجبلیٹی ٹیسٹ کا انعقاد کرتا ہے۔ یہ امتحان دو ملٹی پل چوائس سوالیہ پرچوں پر مشتمل ہوتا ہے جس میں پہلا پرچہ تدریسی اہلیت کی جانچ جبکہ دوسرا پرچہ امیدوار کے ذریعے منتخبہ مضمون سے متعلق ہوتا ہے ۔ دسمبر ۲۰۱۸ء سے یہ امتحان مکمل طور پر آن لائن ہوگا۔ ریاستی سطح پر منعقدہ اس امتحان کو اسٹیٹ ایلیجبلیٹیٹیسٹ کہا جاتا ہے جسے ریاستی یونیورسٹی منعقد کرتی ہے۔ ریاست مہاراشٹر میں سیٹ کے امتحان کا انعقاد ساوتری بائی پھلے ، پونے یونیورسٹی کے ذریعے کیا جاتا ہے۔ نیٹ کا امتحان عموماً جون اور دسمبر کے مہینے میں جبکہ سیٹ کا امتحان اگست اور فروری کے مہینے میں ہوتاہے۔ امیدوار کے لیے اس امتحان میں شرکت کے لیے کسی بھی مضمون سے پوسٹ گریجویشن ۵۵ فیصد مارکس سے کامیاب ہونا لازمی ہے دیگر پسماندہ طبقات کے لیے ۵فیصد مارکس کی رعایت ہے۔مضامین، طریقہ کار، فارم بھرنے کا نوٹیفکیشن اور دیگر تمام تفصیلات کے لیے خواہشمند امیدوار www.ntanet.nic.in یا www.ugc.ac.in سے استفادہ کرسکتے ہیں۔
تمام مقابلہ جاتی امتحانات سے متعلق چند مشترکہ یاد رکھنے کی باتیں : وہ طلبہ جو مقابلہ جاتی امتحانات میں شرکت کے تئیں سنجیدہ ہیں انھیں ان امتحانات کے تعلق سے چند باتیں ہمیشہ ذہن نشین رکھنا ہوں گی۔ ٭ ان امتحانات کے فارم آن لائن بھرے جاتے ہیں اور فیس کی ادائیگی بھی آن لائن ہی کی جاتی ہے۔ ٭ ان امتحانات کا نصاب کم و بیش ایک جیسا ہوتا ہے۔ جیسے انگریزی زباندانی کی جانچ ، منطقی جانچ (Aptitude Test)، وجوہات (Reasoning) ، جنرل نالج اور حالات حاضرہ (Current Affairs) کی جانکاری ، کمپیوٹر کی جانکاری وغیرہ۔ ٭ ان میں سے کچھ امتحانات میں منفی مارکنگ بھی ہوتی ہے جس کا دھیان رکھنا ضروری ہے ۔ ٭ امتحانات کے نوٹیفکیشن کے لیے اخبارات پر نظر رکھیں اور متعلقہ ویب سائٹ پر باقاعدہ وزٹ کرتے رہیں۔ ٭ اپنے مضامین کے علاوہ طلبہ جنرل نالج کی کتابوں اور روزانہ اخبار، میگزین کا مطالعہ کریں تو یہ مرحلہ آسانی سے طے کیا جاسکتا ہے ۔ انٹرویو کے لیے حالات حاضرہ کی جانکاری بہت ضروری ہے اس کے لیے روزانہ باقاعدگی سے اخبارات کا مطالعہ کیجیے اور ملک میں وقوع پذیر ہونے والے حالات و واقعات کا تجزیاتی مطالعہ کیجیے۔ ٭ گذشتہ برسوں کے پرچے ویب سائٹ پر دستیاب ہیں ان سے استفادہ کیا جاسکتا ہے اور بازار میں ان تمام امتحانات سے متعلق کتابیں بھی دستیاب ہیں ۔ ٭ کمپیوٹر کی اچھی جانکاری حاصل کریں کیونکہ اب ہر شعبہ میں کمپیوٹر کا استعمال ناگزیر ہوگیا ہے اور کچھ امتحانات بھی اب آن لائن ہوتے ہیں ۔ آنے والے وقت میں اس بات کا قوی امکان ہے کہ تمام مسابقتی امتحانات کو مکمل آن لائن کردیا جائے۔
حکومتی شعبوں میں ہماری نمائندگی کی کمی کی ایک اہم وجہ مقابلہ جاتی امتحانات میں ہمارے طلبہ کی شرکت کی کمی ہے۔ ہمارے طلبہ میں صلاحیت یا اہلیت کا فقدان نہیں ہے بلکہ ضرورت صرف اس بات کی ہے کہ تعلیمی اداروں میں ابتدائی درجات سے ہی طلبہ کی ذہن سازی کی جائے اور انھیں درجاتی طور پر ان امتحانات میں شرکت کی ترغیب دی جائے ۔ اسکولی سطح پر منعقد ہونے والے نیشنل ٹیلنٹ سرچ امتحان، نیشنل میرٹ کم مینس امتحان، آئی ٹی اولمپیاد، میتھیمیٹکساولمپیاڈ اور بین الجماعتی و بین المدارس مقابلوں میں شرکت اور انعقادکے ذریعے انھیں مسابقتی امتحانات کے لیے تیار کیا جاسکتا ہے۔ خلوص نیت اور جہد مسلسل ہو تو یہ کام نا ممکن تو بالکل نہیں !
9970809093
[email protected]