یو این آئی
نئی دہلی//امور داخلہ اور امداد باہمی کے مرکزی وزیر امت شاہ جمعرات کو نئی دہلی میں مفرور افراد کی حوالگی-چیلنجز اور حکمت عملی کانفرنس کا افتتاح کریں گے ۔ دو روزہ کانفرنس کا اہتمام سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) کر رہی ہے ۔ کانفرنس کے دوران مختلف مرکزی اور ریاستی پولیس ایجنسیوں کے سینئر پولیس افسران مفرور افراد کا سراغ لگانے اور انہیں ہندوستان میں مقدمے کا سامنا کرنے کے لیے واپس لانے کی کوششوں کو مربوط کرنے کے لیے بین الاقوامی پولیس تعاون کے معاملات پر غور کریں گے ۔ کانفرنس میں وزارت داخلہ اور وزارت خارجہ سمیت دیگر فریق بھی شرکت کریں گے ۔دو روزہ کانفرنس میں بیرونی ممالک سے تعاون حاصل کرنے کے لیے دستیاب باضابطہ اور غیر رسمی ذرائع کے مؤثر استعمال ، مفرور مجرموں کا سراغ لگانے میں ٹیکنالوجی کے استعمال ، مفرور افراد کی حوالگی کے لیے اسٹریٹجک نقطہ نظر اور مطلوب مفرور افراد کے مالی اثرات کے تجزیے سمیت متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا ۔ نارکو دہشت گردی ، سائبر جرائم ، منظم جرائم اور معاشی مجرموں پر خصوصی توجہ دی جائے گی ۔وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ہندوستان بین الاقوامی تفتیش کے ایک نئے دور میں داخل ہو رہا ہے ۔ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے بیرون ملک سے مطلوب مفرور افراد کو واپس لانے کے لیے مربوط نقطہ نظر پر زور دیا ہے ۔ اس بات کو ذہن میں رکھتے ہوئے سی بی آئی نے اس کانفرنس کا انعقاد، مناسب قانونی اور سفارتی ذرائع سے مفرور افراد کو مقررہ وقت میں واپس لانے پر غور و خوض کے لیے کیا ہے ۔مختلف ممالک میں مطلوب ہندوستانی مفرور افراد کی حوالگی کی 300 سے زیادہ درخواستیں زیر التوا ہیں ۔ مفرور افراد اکثر ان ممالک سے اپنی حوالگی کی کوششوں کو روکنے کے لیے مختلف راستوں کا سہارا لیتے ہیں ۔ ایسی مثالیں موجود ہیں جہاں منظم مجرمانہ گروہوں سے وابستہ بہت سے مجرم بیرون ملک رہتے ہوئے مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث ہوتے ہیں ۔
کانفرنس میں قانون نافذ کرنے والے ادارے اور ماہرین ان مفرور مجرموں کی جلد حوالگی کے لیے روڈ میپ تیار کرنے کے انہی چیلنجوں پر غور کریں گے ۔