بانہال// کشمیر عظمیٰ میں قارئین کے شرعی سوالات کا جواب قران وسنت کی روشنی میں دینے والے مولانا مفتی نذیر احمد قاسمی صدر مفتی دارالا فتاء دارالعلوم رحیمیہ بانڈی پورہ کشمیر نے آج جامع مسجد عید گاہ بانہال میں اُمت مسلمہ کے ایک بھاری اجتماع سے ایمان اور رسالت کے حوالے سے بصیر ت افروز خطاب کیا ۔ نماز جمعہ کے خطبہ کے موقع پر مفتی نظیر احمد قاسمی نے وہاں موجود اُمت مسلمہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اُمت مسلمہ کو مکمل طور پر دین حق کے مطابق اپنی زندگی بسر کرنی چاہئے ۔ انہوں نے والدین پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے بچوں کی پرورش دین حق کے مطابق کریں تاکہ وہ اس سچائی کے راستے سے بھٹک نہ جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ قرآن کریم میں واضح طور پر فرمایا گیا ہے کہ اپنے آپ کو اور اپنے اہل و عیال کو جنم کی آگ سے بچائو ۔ اُنہوں نے کہا کہ گھر کے ذمہ دار کو اُن کے بچوں اور اور اُن کے اہل خانہ کے بارے میں بھی پو چھ ہو گی ۔ اُنہوں نے والدین سے مزید کہا کہ وہ اپنے بچوں کو دین کی تعلیم سے بھی آراستہ کریں اور خاص کر باہر پڑھنے والے بچوں پر والدین کو خاص خیال رکھنے کی ضرورت ہے تاکہ وہ دین حق کی راستے سے دور نہ ہو جائیں ۔ اُنہوں نے اُمت مسلمہ سے کہا کہ وہ اللہ کی طرف سے عطا کردہ دین اسلام اور نبی کریم ﷺ کے بتائے ہوئے طریقے کار پر چلنے کی کوشش کریں تاکہ دُنیا اور آخرت میں کامیابی حاصل ہو۔اُنہوں نے خاص کر اُمت مسلمہ سے کہا کہ وہ ایسے کام نہ کریں جس سے نیم کریم ﷺ کو ہماری وجہ سے شرمندہ ہونا پڑے ۔اُنہوں نے کہا کہ صیح اور غلط کو جان کو دین حق پر چل کی ہی ہم فلاح وکامیابی حاصل کر سکتے ہیں ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ احادیث مبارک سے یہ بات واضح ہے کہ ہم وہ اُمتی ہیں جنہوں نے بن دیکھے ہی نبی کریم ﷺ کی رسالت پر ایمان لایا اور ان لوگوں کو اللہ کے نبی نے سات مرتبہ مبارک باد دی ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ اللہ اور اس کے نبی کریم ﷺ پر ایمان لانے کے بعد ہمیں وہ کام نہیں کر نے چاہئیں جس سے ہماری دُنیااورآخرت خراب ہونے کے ساتھ ساتھ اور سب سے زیادہ ہمار ے پیغمبرحضرت محمد ﷺکو مایوسی کا سمان کرنا پڑے ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ اللہ اور اُس کے نبی ﷺ کے بتائے ہوئے طریقوں پر ہمیں اپنی زندگی کو گذارنا چاہئے تاکہ ہم ایمان سے خارج نہ ہوں ۔