جموں//جنگلات و ماحولیا ت کے وزیر چودھری لال سنگھ نے کہا ہے کہ سرکار دیہی علاقوں میں کھیل کو د کو فروغ دینے کے لئے کافی کوشاں ہے اور کھیل کود کے بنیادی ڈھانچے کو فروغ دیا جارہا ہے۔ وزیر نے کہا کہ ریاست کو ملک کے کھیل شائقین کے لئے ایک پُر کشش جگہ کے طور پر فروغ دینے کے لئے اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست جموں وکشمیر ایک منفرد اور خوبصورت جگہ ہے اور کوئی بھی فنکار یا کھلاڑی یہاں آکر اپنے فن کا مظاہرہ کرنا پسند کرے گا البتہ کھیل کو د کے شعبے میں بنیادی ڈھانچے کو فروغ دینا ہوگا۔انہوںنے کہا کہ سرکار ریاست کے نوجوانوں کو ملکی اور بین الاقوامی سطح پر ریاست کی نمائندگی کرتے ہوئے دیکھنا چاہتی ہے۔انہوںنے کہا کہ کھیل کود سے نہ صرف ہماری جسمانی بلکہ ذہنی نشو ونما بھی ہوتی ہے اس لئے کھیل کود کو روز مرہ کی زندگی کا اہم حصہ بنایا جانا چاہئے۔وزیر نے کہا کہ انہوںنے حال ہی میں کٹھوعہ کے راجباغ میں رسلنگ رِنگ کا افتتاح کیا جس سے علاقے کے رسلروںکو اپنے ہنر نکھارنے میںکافی مدد ملے گی۔ وزیرنے کہا کہ کھیل سرگرمیوں کے نتیجے میںہی نوجوان سماجی برائیوں اور منشیات سے دور رہ سکتے ہیں۔سابق وزیر اعلیٰ مفتی محمد سعید کی دور اندیشی کی تعریف کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ مفتی محمد سعید ایک قابل سیاست دان تھے اور اُن کے خوابوں کو شرمندہ تعبیر کیا جائے گا۔جنگلات و ماحولیات محکمہ اور دیگر منسلک محکموں کے افسران وزیر موصوف کے ہمراہ تھے۔