سرینگر//نیشنل کانفرنس نے کہا ہے کہ اگر رپورٹوں پر یقین کیا جائے تو پی ڈی پی حکومت کنبہ پروری کی ایک اور مثال قائم کرتے ہوئے اننت ناگ کے فرار اُمیدوار اور محبوبہ مفتی کے برادر کو وزیر اعلیٰ کا مشیر اعلیٰ بنانے جارہی ہے اور موصوف کو کابینہ وزیر کا درجہ بھی حاصل ہوگا۔ پارٹی کے ترجمان جنید عظیم متو نے کہا کہ پی ڈی پی وزیر اعلیٰ نے پہلے اپنے برادر کی بازآباکاری اننت ناگ پارلیمانی حلقہ انتخاب سے ضمنی انتخابات میں حصہ لیکر کرنے کی کوشش کی لیکن جب پی ڈی پی والوں نے اپنی شکست پہلے ہی بانپ لی تو اُمیدوار نے راہ فرار اختیار کی اور الیکشن لڑنے سے معذرت ظاہر کی اور پھر حکومتی سطح پر اس بات کو یقینی بنایا گیا کہ اننت ناگ میں انتخابات نہ ہونے پائیں۔ ترجمان نے کہا کہ محبوبہ مفتی کو اپنے اہل خانہ کی طرف سے اپنے برادر کو مشیر اعلیٰ بنانے کیلئے انتہائی دبائو کا سامناہے کیونکہ انہیں بھی اب محبوبہ مفتی پر بھروسہ نہیں رہا۔انہوں نے کہا کہ انتخابات کے ذریعے بھائی کی بازآبادکاری میں ناکامی کے بعد اب پی ڈی پی وزیر اعلیٰ چور دروازے موصوف کو مشیر اعلیٰ بنا کر کابینہ وزیر کا درجہ دینے جارہی ہیں۔