جموں//نیشنل کانفرنس کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر نے کہا ہے کہ ریاست میں اس وقت دو مفاد پرست اور موقعہ پر ست سیاسی جماعتیں برسراقتدار ہیںجس کی وجہ سے جموں وکشمیر کی سالمیت، انفرادیت، آپسی رواداری ، مذہبی ہم آہنگی اور یکجہتی کو بہت زیادہ نقصان پہنچا اور اس رجحان کا توڑ کرنے کیلئے ریاست کے تینوں خطوں کے لوگوں کو متحدہوکر ایسے عناصر کو ناکام بنانا ہوگا جو لوگوں، خطوں اور مذاہب میں دوریاں بڑھانے کی سازشوں میں مصروف ہے۔ ان باتوں کا اظہار انہوں نے شیر کشمیر بھون جموں میں صوبہ جموں کے مختلف اضلاع سے آئے ہوئے پارٹی عہدیداران، کارکنان اور وفود سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مذہبی ہم آہنگی، آپسی رواداری اور بھائی چارے کیلئے جموں وکشمیر پوری دنیا میں طرہ امتیاز حاصل رہا ہے لیکن بدقسمتی سے گذشتہ چند برسوں سے ریاست کی اس خصوصیت کا تہیہ تیغ کرنے کی سازشیں بُنی جارہی ہیںاور چند مفاد پرستوں جماعتیں اپنی ذاتی سیاسی مفادات کی خاطر یہاں کے لوگوں کو علاقائی، مذہبی اور لسانی بنیادوں تقسیم کرنے کی گندی سیاست کررہے ہیں۔ ساگر نے کہا کہ ایسے سنگین حالات میں ہمیں انتہائی ذمہ داری سے کام لیکر ریاست کی وحدت، انفرادیت اور اجتماعیت کو بنائے رکھنے کیلئے کام کرنا ہے۔ انہوں نے عوام کو خبردار کیا کہ وہ پی ڈی پی اور بھاجپا کی ریاست دشمن پالیسیوں کو سمجھ کر ان دونوں جماعتوں کیخلاف صف آراء ہوجائیں اور دشمنوں کی تمام چالوں اور سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے ہمیشہ تیار رہیں۔