ریاسی// ریاسی پولیس نے ایک نابالغ اغوا شدہ لڑکی کو48گھنٹوں میں بازیاب کرکے ملزم کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔بیان کے مطابق پولیس کو27ستمبر کو سندیپ سوریا ونشی ولد سنتوش سوریوانشی ساکن چھتیس گڑھ حال مڑھ کی طرف سے ایک تحریری شکایت ملی جس میں کہاگیاتھا کہ اس کی بہن (نام مخفی) عمر 17سال، جو خریداری کے لیے بازار گئی،وہ واپس نہیں آئی اور بسیار تلاش کے باوجود اسکاکوئی سراغ نہیں ملا۔یہ معلومات ملنے پر ایف آئی آر نمبر 193/2021 زیر دفعہ363 آئی پی سی پولیس سٹیشن ریاسی میں درج کی گئی۔جرم کی شدت کو محسوس کرتے ہوئے ایس ایس پی ریاسی نے نابالغ کا سراغ لگانے کے لیے پی ایس آئی کوسم سولکھیا کی سربراہی میں ریاسی پولیس کی خصوصی ٹیم تشکیل دی۔دوران تفتیش ٹیم نے لڑکی کی تلاش شروع کر دی۔ خاندان کے افراد ، پڑوسیوں سے پوچھ گچھ کی گئی۔بدھ کو کو لڑکی کو دومانہ جموں سے دھرمیندر سوریا ونشی ساکن چھتیس گڑھ کی تحویل سے بازیاب کرایا گیا جس نے لڑکی کو ریاسی سے اغوا کیاتھا۔ ملزم نے موقع سے فرار ہونے کی کوشش کی اسے پولیس پارٹی نے گرفتار کر لیا۔ڈاکٹروں کے بورڈ کے ذریعے متاثرہ کا طبی معائنہ کرنے اور دیگر قانونی طریقہ کار مکمل کرنے کے بعد لڑکی کو قانونی ورثاءکے حوالے کیا گیا جبکہ معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔