سمت بھارگو
راجوری//ہفتہ کو مغل روڈ پر کم از کم چار سو گاڑیاں پھنسی رہیں اور رتہ چھم پرعلاقہ میں ہوئی لینڈ سلائیڈنگ کے باعث شاہراہ آمد ور فت کیلئے مسلسل بند ہے تاہم گزشتہ روز شام کے اوقات میں پسی کے ملبے کو صاف کردیاگیا تھا ۔حکام نے بتایا کہ مغل روڈ ہفتہ کی صبح بفلیاز ٹیک آف پوائنٹ سے کم از کم 38 کلومیٹر دور مغل پر رتہ چھم کے مقام پر ایک تازہ لینڈ سلائیڈنگ کے بعد بند ہو گئی۔انہوں نے بتایا کہ تازہ لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے سلائیڈ کا ملبہ سڑک پر گرا جس سے شاہراہ ٹریفک کے لئے بلاک ہو گیا۔عہدیداروں نے مزید بتایا کہ صبح سڑک بند ہونے کے بعد سلائیڈ کلیئرنس کا کام ہفتہ کی دوپہر کو شروع کیا گیا اور شام کے اوقات میں سڑک کو ٹریفک کے لئے کلیئر کر دیا گیا۔مغل روڈ پروجیکٹ کے ایگزیکٹو انجینئر شوکت علی نے بتایا کہ مغل روڈ پر رتہ چھم کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ کے بعد سڑک بند ہو گئی جس کی وجہ سے سڑک پر بنائی گئی دو لین کی پٹی کو نقصان پہنچا۔انہوں نے کہا کہ ’’ہماری مشینری نے گھنٹوں کام کیا جس کے بعد ہم نے اس سڑک پر سنگل لین اسٹریچ بنایا ہے جس سے گاڑیوں کی آمدورفت کے لئے راستہ ہموار ہو گیا ہے‘‘۔ڈپٹی ایس پی ٹریفک محمد نواز نے بتایا کہ صبح کے وقت مٹی کا تودہ گرنے سے رتہ چھم کے دونوں اطراف چار سو کے قریب گاڑیاں درماندہ ہوئی۔آفیسر موصوف نے بتایا کہ ’’یہ گاڑیاں شام تک پھنسی رہیں اور متعلقہ محکمے کی جانب سے عارضی ٹریک بنانے کے بعد ہم نے ہفتہ کی شام پھنسی ہوئی ٹریفک کو صاف کر دیا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ اگر کوئی تازہ لینڈ سلائیڈنگ نہیں ہوتی ہے تو ہم اتوار کو ٹریفک کو ہموار کر سکیں گے۔