حسین محتشم
پونچھ//مغل شاہراہ پر ٹریفک کے نظام کو مزید بہتر بنانے اور ممکنہ حادثات سے بچنے کے لئے ٹریفک پولیس نے وسیع انتظامات کئے ہیں۔ ایس ایس پی ٹریفک کی خصوصی ہدایات پرڈی ایس پی شیو کمار کی زیر قیادت ایس او محمد معروف کی زیر نگرانی،ٹریفک کو کنٹرول کرنے کیلئے فول پروف حکمت عملی اپنائی گئی ہے۔محکمہ ٹریفک کی ٹیم تمام گاڑیوں کی مکمل جانچ پڑتال کر رہی ہے۔ اس دوران نہ صرف ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو بیدار کیا جا رہا ہے بلکہ خلاف ورزی کی صورت میں موقع پر چالان بھی کاٹے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا اس اقدام کا بنیادی مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ پہاڑی علاقوں سے گزرنے والی اس شاہراہ پر کوئی ناخوشگوار حادثہ پیش نہ آئے اور ٹریفک کا نظام بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رہے۔انہوں نے کہا یہ شاہراہ اپنی بلندیوں اور خطرناک موڑوں کی وجہ سے مشہور ہے، جس کے پیش نظر ٹریفک قوانین کی سختی سے پابندی انتہائی ضروری ہے۔اس موقع پر موجود ایس او محمد معروف نے عوام سے محکمہ ٹریفک کے ساتھ تعاون کرنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے خاص طور پر شام 7 بجے سے صبح 6 بجے تک مغل شاہراہ پر سفر نہ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ اس اپیل کی اہم وجہ یہ ہے کہ رات کے اوقات میں، بالخصوص بارش کے موسم میں، شاہراہ پر پسیاں گرنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، جو کسی بھی وقت بڑے حادثے کا سبب بن سکتا ہے۔ محکمہ ٹریفک کا کہنا ہے کہ شہریوں کا تعاون ہی اس سڑک کو سب کے لیے محفوظ بنا سکتا ہے۔انہوں نے کہاان انتظامات کا مقصد مغل شاہراہ پر سفر کو محفوظ اور آسان بنانا ہے تاکہ مسافر کسی بھی خطرے سے محفوظ رہ کر اپنی منزل تک پہنچ سکیں۔انہوں نے امید ظاہر کی محکمہ ٹریفک کا یہ قدم سڑک حادثات کی شرح کو کم کرنے اور ٹریفک کے بہاؤ کو منظم رکھنے میں اہم ثابت ہوگا۔