عشرت حسین بٹ+جاوید اقبال
پونچھ// ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ وکاس کنڈل نے کہا ہے کہ مغل شاہراہ پر ٹریفک بحالی کے حوالے سے فیصلہ شام تک لیا جائے گا۔ اْنہوں نے بتایا کہ بی آر او اوری میکینکل ونگ کی جانب سے دونوں اطراف سے برف ہٹانے کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے اور شاہراہ کو آمد و رفت کے لئے تیار کر دیا گیا ہے۔ڈی سی پونچھ نے کہا کہ برف ہٹانے کے کام میں محکمہ جات نے دن رات محنت کی ہے، تاہم آج بھی پیر کی گلی کے دونوں اطراف ہلکی برفباری ہوئی ہے، جس کے پیش نظر موسمی صورتحال کا بغور جائزہ لینے کے بعد ہی شاہراہ کو کھولنے کا حتمی فیصلہ لیا جائے گا۔قابل ذکر ہے کہ جمعرات کے روز ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ، ایس ایس پی پونچھ اور ضلع ترقیاتی کمشنر شوپیان نے مشترکہ طور پر مغل شاہراہ کا پیر کی گلی تک دورہ کیا، جہاں انہوں نے سڑک کی صورتحال کا معائنہ کیا۔اس سے قبل وکاس کنڈل نے بیان دیا تھا کہ 11 اپریل کو مغل شاہراہ ٹریفک کے لئے کھول دی جائے گی تاہم حالیہ برفباری کے باعث اس میں تاخیر ممکن ہے۔ کشمیر عظمیٰ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ’’اگر موسم سازگار رہا تو آنے والے دو دنوں میں مغل شاہراہ پر یکطرفہ ٹریفک کو بحال کیا جائے گا‘‘۔
مغل شاہراہ پر آئندہ دو دنوں میں ٹریفک کی بحالی متوقع برف ہٹانے کا کام مکمل، موسم کی صورتحال دیکھ کر حتمی اعلان ہوگا:حکام
