سمت بھارگو
راجوری //مغل روڈ، جو راجوری پونچھ خطے کو وادی کشمیر سے جوڑتا ہے، ہفتہ کے روز ٹریفک کے لئے کھلا رہا جس سے مسافروں اور ٹرانسپورٹروں کو اس وقت بڑی راحت ملی جب جموں سری نگر نیشنل ہائی وے گزشتہ دس دنوں سے بند پڑا ہے۔چھوٹی مسافر ونجی گاڑیوں کو دونوں طرف سے چلنے کی اجازت دی گئی، جبکہ بھاری گاڑیوںکو صرف راجوری کی سمت سے وادی کی طرف جانے کی اجازت فراہم کی گئی۔اہم اشیائے ضروریہ لے جانے والے ٹرکوں کو بھی آمد و رفت کی اجازت ملی جن میں ایل پی جی سلنڈرز، پٹرولیم مصنوعات، خوردنی سامان اور مویشی بالخصوص راجستھان سے لائے گئے بکرے اور بھیڑیں شامل تھیں۔ حکام نے کہا کہ اس سے وادی میں اشیائے ضروریہ کی ہموار ترسیل ممکن ہوئی ہے۔خیال رہے کہ مغل روڈ سری نگر جموں نیشنل ہائی وے کا ایک اہم متبادل لنک سمجھا جاتا ہے تاہم گزشتہ چند ہفتوں کے دوران خراب موسم اور لینڈ سلائیڈز کی وجہ سے اس پر ٹریفک کی نقل و حرکت میں رکاوٹیں آتی رہی ہیں۔