سمت بھارگو
راجوری//خراب موسم، درختوں کے گرنے، اور پہاڑی علاقوں سے پتھروں کے گرنے (شوٹنگ اسٹونز) کے باعث مغل روڈ پر گاڑیوں کی آمد و رفت میں شدید خلل پیدا ہو گیا ہے۔مغل روڈ گزشتہ اتوار کو چار ماہ کی بندش کے بعد دوبارہ ٹریفک کے لئے کھولی گئی تھی، مگر موجودہ موسمی حالات نے ایک بار پھر سڑک کی صورتحال کو خطرناک بنا دیا ہے۔سب ڈویژنل مجسٹریٹ سرنکوٹ، فاروق خان نے بتایا کہ خراب موسم کی وجہ سے سڑک پر حدِ نگاہ بہت کم ہو گئی ہے جبکہ تیز آندھی کے باعث کئی درخت بھی سڑک پر گر گئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ روڈ پر شوٹنگ اسٹونز کی صورتحال تاحال جاری ہے جس سے ٹریفک کی روانی کو شدید خطرات لاحق ہیں۔انہوں نے کہاکہ ’فی الحال مغل روڈ کو گاڑیوں کی نقل و حرکت کے لئے بند کر دیا گیا ہے اور سڑک اس وقت تک بند رہے گی جب تک موسم بہتر نہیں ہو جاتا اور صورتحال قابو میں نہیں آ جاتی‘۔انتظامیہ نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور متعلقہ محکمے کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین ہدایات پر عمل کریں۔
خطہ پیر پنچال میں تیز ہوا اور آندھی جاری | معمولاتِ زندگی مفلوج، عوام شدید پریشان
عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//خطہ پیر پنچال کے مختلف علاقوں میں گزشتہ شب سے جاری تیز ہواؤں اور وقفے وقفے سے ہونے والی بارش کی وجہ سے معمولات زندگی شدید متاثر ہو چکی ہیں۔ راجوری، پونچھ، مینڈھر، تھنہ منڈی، سرنکوٹ اور لسانہ سمیت کئی علاقوں میں طوفانی ہواؤں کے ساتھ بارش نے عام زندگی کو مفلوج کر کے رکھ دیا ہے۔تیز ہوا کے باعث کئی علاقوں میں درخت جڑ سے اْکھڑ گئے اور کئی علاقوں میں بجلی سپلائی بھی متاثر ہو ئی جس کے نتیجے میں متعدد دیہات میں بجلی کی فراہمی منقطع ہو گئی ہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق موسم کی خرابی کی وجہ سے نہ صرف آمدورفت میں دقت پیش آ رہی ہے بلکہ روزمرہ کے کاموں میں بھی خلل پیدا ہوا ہے۔کسان طبقہ بھی اس اچانک خراب موسم سے خاصا پریشان ہے، کیونکہ بارش سے گندم اور سبزیوں کی فصل کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں تک اسی طرح کے موسمی حالات برقرار رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔ حکام نے لوگوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں اور محفوظ مقامات پر قیام کریں۔