سمت بھارگو
راجوری//جموں و کشمیر میکینکل انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ نے مغل روڈ پر پوشانہ گاؤں تک برف صاف کرنے کا کام شروع کیا ہے۔قبل ازیں جمعہ کو مغل روڈ برف کے جمع ہونے اور پھسلن کے باعث گاڑیوں کی آمدورفت کے لئے بند کر دیا گیا تھا اور یہ ہفتے کو دوسرے روز بھی بند رہا۔سب ڈویژنل مجسٹریٹ سرنکوٹ فاروق خان نازکی نے کہا کہ جموں و کشمیر میکینکل انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ نے برف صاف کرنے کا کام شروع کیا ہے۔آفیسر موصوف نے کہاکہ ’’ہم نے برف صاف کرنے کا کام صرف پوشانہ تک کیا ہے جو پیر کی گلی کی طرف اس علاقے میں آخری انسانی بستی ہے۔انہوںنے مزید کہا کہ امید ہے کہ پوشنا تک سنیچر کی دیر شام تک برف کی صفائی مکمل ہوجائے گی۔آفیسر موصوف نے کہاکہ ’’علاقے میں مسلسل برف باری ہو رہی ہے اور اس سے کام کی تکمیل میں بھی تاخیر ہو سکتی ہے‘‘۔افسر نے یہ بھی بتایا کہ مغل روڈ پر پیر کی گلی کی طرف برف صاف کرنے کا کام موسم میں بہتری کے بعد ہی لیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ ’’ہم موسم بہتر ہونے پر پیر کی گلی تک برف ہٹانے کا فیصلہ کریں گے‘‘۔سب ڈویژنل مجسٹریٹ نے مزید کہا کہ مغل روڈ کی بحالی کے لئے برف صاف کرنے کا کام نہ کرنے کا فیصلہ بھی لیا جا سکتا ہے۔انتظامیہ نے شدید برف باری کے باعث مغل روڈ پر گاڑیوں کی آمدورفت بند کردی ہے۔ انتظامیہ نے ہفتے کی دوپہر سے موسم کسی حد تک صاف ہونے کے بعد برف ہٹانے کا کام شروع کر دیا ہے تاہم جب تک برف مکمل طور پر نہیں ہٹائی جاتی مغل روڈ پر گاڑیوں کی آمدورفت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔گزشتہ دو روز میں مغل روڈ پر پیر کی گلی سے چھتہ پانی تک ایک فٹ سے زیادہ برف پڑی ہے۔ زیادہ برفباری کے باعث مغل روڈ پر کسی بھی گاڑی کو جانے کی اجازت نہیں ہے جس کی وجہ سے راجوری اور پونچھ دونوں اضلاع سے وادی کشمیر کی طرف آنے والے لوگوں کو کئی طرح کی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ دونوں اضلاع کے لوگوں کا کہنا ہے کہ برف ہٹانے کا کام جلد از جلد شروع کیا جائے تاکہ ہمیں اس راستے سے گزرنے کی اجازت مل سکے۔ اس کے ساتھ ہی انتظامیہ نے ہفتے کی دوپہر کے بعد موسم کچھ حد تک صاف ہونے کے بعد برف ہٹانے کا کام شروع کر دیا ہے، جو مسلسل جاری ہے۔ اب برف کو مکمل طور پر ہٹانے اور سڑک کی چیکنگ کے بعد ہی روٹ پر گاڑیوں کی آمدورفت بحال کی جائے گی۔اس حوالے سے بات کرتے ہوئے ڈی ایس پی ٹریفک شیو کمار کا کہنا ہے کہ مغل روڈ پر گاڑیوں کی آمدورفت مکمل طور پر بند ہے۔ انہوں نے کہا کہ برف ہٹانے کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔ اگر برف ہٹانے کے بعد موسم مکمل طور پر صاف رہتا ہے تو گاڑیوں کی نقل و حرکت کی اجازت پر غور کیا جائے گا۔