محتشم احتشام
پونچھ// سرنکوٹ بازار میں پیر کے روز اس وقت شدید ٹریفک جام کی صورتحال پیدا ہوگئی جب مغل روڈ سے آنے والے متعدد مال بردار ٹرکوں کو بازار کے اندر موڑا گیا۔ شہریوں کے مطابق یہ مسئلہ اْس وقت پیدا ہوا جب جوگی موڑ کے مقام پر ایک ٹرک فنی خرابی کے باعث سڑک پر ہی بند ہوگیا، جس کی وجہ سے دیگر بھاری گاڑیوں کو بازار کے راستے گزارا گیا۔ اس اقدام نے نہ صرف بازار کے اندر بلکہ اطراف میں بھی ٹریفک کا نظام درہم برہم کردیا اور معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہوگئے۔مقامی ذرائع کے مطابق مغل روڈ پر مسلسل بڑھتے ہوئے ٹریفک کے بہاؤ نے سرنکوٹ بازار میں صورتحال کو مزید سنگین بنادیا ہے۔ جموںپونچھ قومی شاہراہ پر بھی، بالخصوص سرنکوٹ والے حصے میں، ٹریفک جام اپنی انتہا کو پہنچ گیا ہے۔ لمبی قطاروں میں پھنسی گاڑیاں گھنٹوں تک ایک ہی جگہ رکی رہیں، جس سے مسافروں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔عینی شاہدین کے مطابق بازار کے اندر کئی گھنٹوں تک گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی رہیں۔ اس دوران نہ صرف ڈرائیورز اور مسافر پریشان رہے بلکہ پیدل چلنے والوں کا گزرنا بھی دشوار ہوگیا۔ اسکول جانے والے بچے وقت پر اپنی منزل تک نہ پہنچ سکے جبکہ مریضوں کو ہسپتال تک لے جانا بھی ایک کٹھن مرحلہ بن گیا۔شہریوں نے اس صورتحال پر انتظامیہ اور خصوصاً ٹریفک پولیس کے خلاف شدید برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ ٹریفک کی روانی بحال رکھنے کے لئے کوئی مؤثر اقدامات نہیں کئے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ٹریفک پولیس بروقت اور ذمہ دارانہ طریقے سے عمل کرتی تو یہ مسئلہ اتنے بڑے پیمانے پر پیدا نہ ہوتا۔علاقہ مکینوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ٹریفک پولیس کو مزید متحرک اور چوکس بنایا جائے تاکہ مستقبل میں اس طرح کی صورتحال دوبارہ پیش نہ آئے۔ ان کے مطابق، ٹریفک کا نظام جدید تقاضوں کے مطابق ہونا چاہیے تاکہ بازاروں اور رہائشی علاقوں میں عوام کو ایسی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔شہریوں نے ساتھ ہی انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ جوگی موڑ پر بار بار پیش آنے والے مسائل کا مستقل حل تلاش کیا جائے اور مغل روڈ کے بڑھتے ٹریفک دباؤ کو منظم کرنے کے لئے جامع حکمتِ عملی تیار کی جائے، تاکہ جموں۔پونچھ شاہراہ پر، خصوصاً سرنکوٹ پَیچ پر، عوام کو مسلسل ٹریفک جام سے نجات مل سکے۔