سمت بھارگو
راجوری//منگل کی شام تیز آندھی اور درختوں کے گرنے کے باعث تاریخی مغل روڈ عارضی طور پر بند ہو گئی تھی، تاہم بارڈر روڈز آرگنائزیشن (BRO) کی بروقت کارروائی کے بعد یہ شاہراہ منگل اور بدھ کی درمیانی رات کو چند گھنٹوں میں ہی بحال کر دی گئی۔راجوری اور پونچھ اضلاع کو وادی کشمیر کے شوپیاں ضلع کے راستے جوڑنے والی یہ اہم شاہراہ منگل کی شام تقریباً 6 بج کر 30 منٹ پر اس وقت بند ہو گئی جب علاقے میں شدید آندھی آئی اور کئی درخت سڑک پر گر گئے، جس کے نتیجے میں ٹریفک کی آمدورفت مکمل طور پر بند ہو گئی۔حکام نے بتایا کہ سڑک کی بحالی کے لئے بروقت قدم اٹھایا گیا اور بی آر او کی جانب سے فوری طور پر مشینری روانہ کر دی گئی۔ عملے نے شبانہ کارروائی کرتے ہوئے سڑک سے گرے ہوئے درخت ہٹائے اور چند ہی گھنٹوں میں راستہ بحال کر دیا گیا۔حکام کے مطابق، سب سے پہلے راستے میں پھنسی ہوئی گاڑیوں کو نکالا گیا، تاہم احتیاطی تدابیر کے طور پر رات کے وقت ٹریفک کی اجازت نہیں دی گئی۔ بعد ازاں بدھ کی صبح معمول کے مطابق ٹریفک کو رواں دواں کر دیا گیا۔مقامی ذرائع کے مطابق، اگرچہ شاہراہ پر چلنے والے مسافروں کو عارضی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، لیکن بی آر او کی فوری کاروائی کی وجہ سے صورت حال جلد ہی معمول پر آ گئی۔ لوگوں نے اس تیز رفتار اور مؤثر ریسپانس پر بی آر او کے عملے کا شکریہ ادا کیا ہے۔یہ شاہراہ نہ صرف کشمیر وادی کو پیر پنچال کے پار موجود اضلاع سے جوڑتی ہے بلکہ سیاحتی اور تجارتی اہمیت بھی رکھتی ہے، اس لیے اس کی بحالی کو عوامی سطح پر خوش آئند قدم قرار دیا جا رہا ہے۔