عشرت حسین بٹ +شاہد ٹاک
پونچھ+شوپیان//تاریخی مغل روڈ کو بفلیاز سے پیر کی گلی تک یک طرفہ ٹریفک کیلئے کھول دیا گیاہے۔ضلع مجسٹریٹ پونچھ کے دفتر سے جاری ایک حکم نامہ کے مطابق، ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے 12 مئی سے مغل روڈ کو یکطرفہ ٹریفک کی آمد ورفت کیلئے کھولنے کا حکم دیا ہے۔چیف انجینئر مغل روڈ اور ایگزیکٹیو انجینئر مکینیکل انجینئرنگ ڈویژن، راجوری-پونچھ کے ذریعہ 19 کلومیٹر (ڈوگریان) سے43 کلومیٹر پیر کی گلی تک برف جمع ہونے اور لینڈ سلائیڈنگ کو صاف کرنے کے پیش نظر، مغل روڈ پر بفلیاز سے پیر کی گلی تک جمعہ سے یک طرفہ ٹریفک کی نقل و حرکت کی اجازت دی گئی ہے۔ حکمنامے کے مطابق سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس پونچھ، سب ڈویژنل مجسٹریٹ سرنکوٹ اور ڈی ایس پی ٹریفک راجوری پونچھ بہرامگلہ، بفلیاز اور پوشانہ چیک پوسٹوں پر اس حکم کی سختی سے تعمیل کے ساتھ گاڑیوں کی آسانی سے نقل و حرکت کو یقینی بنانے کیلئے پولیس کو تعینات کریں گے۔ادھرڈپٹی کمشنرشوپیان نے جمعہ کومغل روڈ کا پیر کی گلی تک دورہ کیا جہاں انہوں نے جاری سلائیڈ کلیئرنس اور ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا۔دورے کے دوران ڈی سی نے مغل روڈ کو ٹریفک کی معمول کے لیے کھولنے کی فزیبلٹی کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے ہدایات دیں کہ انجینئر مغل روڈ پر مزید افراد اور مشینری تعینات کر کے کام کی رفتار تیز کریں تاکہ اسے ٹریفک کے لیے قابل آمد و رفت بنایا جا سکے۔موسم کی صورتحال میں بہتری کے بعد سڑک کے کنارے سلائیڈوں کی جلد از جلد صفائی کے لیے متعلقہ افراد کو ہدایات دی گئیں۔