سرینگر/تاریخی مغل روڑ پر جمعرات کو ہزاروں گاڑیاں درماندہ ہوکر رہ گئی ہیں ۔حکام کے مطابق یہ گاڑیاں بفلیاز علاقے سے درماندہ پڑی ہیں کیونکہ اُنہیں روڑ پر یکطرفہ ٹریفک کی وجہ سے روکے رکھا گیا ہے۔
ٹریفک حکام کے مطابق اُن کی طرف سے جو ٹریفک ایڈوائزری گذشتہ روز جاری کی گئی تھی، ڈرائیوروں نے اُس پر عمل نہیں کیا، جس کی وجہ سے مغل روڑ پر ہزاروں گاڑیوں کوروکنا پڑا ہے۔
ایس ایس پی پونچھ رمیش انگرال نے کہا کہ مغل روڑ پر آج صرف کشمیر کی طرف سے گاڑیوں کو چلنے کی اجازت ہے۔
انہوں نے ڈرائیوروں سے اپیل کی کہ وہ ٹریفک گائیڈ لائینز پر عمل کریں تاکہ اُنہیں بعد میں تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
دریں اثناء ڈرائیوروں نے بفلیاز کے مقام پر احتجاج شروع کیا ہے اور وہ مطالبہ کررہے ہیں کہ اُنہیں آگے بڑھنے کی اجازت دیدی جائے۔