سرینگر/تاریخی مغل روڑ پر جمعرات کو سڑک کے ایک دلدوز حادثے میں 9لڑکیوں سمیت11افراد جاں بحق جبکہ5زخمی ہوگئے۔
یہ حادثہ ضلع شوپیان میں پیر کی گلی نامی علاقے کے لال غلام مقام پر اُس وقت پیش آیا جب پونچھ سے دبجن کی طرف آنے والی ایک ٹیمپو ٹرائولر گاڑی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر ایک گہری کھائی میں جاگری۔
اس حادثے میں11 افراد جاں بحق اور5زخمی ہوگئے۔
اطلاعات کے مطابق مذکورہ گاڑی میں پونچھ میں قائم ایک پرائیویٹ کمپیوٹر سینٹر سے وابستہ طالبان علم سوار تھے اور وہ سیر سپاٹے کیلئے دبجن جارہے تھے جب اُن کی گاڑی حادثے کا شکار ہوگئی۔
پولیس ذرائع کے مطابق اس حادثے میں مرنے والوں کی تعداد میں مزیداضافہ ہوسکتا ہے کیونکہ مذکورہ ذرائع کے مطابق زخمیوں میں کچھ کی حالت خراب ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق بیت المال رحمت اللعالمین (ص) سوسائٹی ،شوپیان نامی ادارے نے حادثے کی خبر ملتے ہی اپنی ایمبولینس گاڑیاں اور رضاکار جائے واردات کی طرف روانہ کئے جنہوں نے بچائو کاروائیوں میں مشغول باقی لوگوں کے شانہ بشانہ کام کرنے کے ساتھ ساتھ جاں بحق افراد کے کفن کا بھی انتظام کیا۔
اطلاعات کے مطابق زخمیوں میں سے پانچ کو ضلع اسپتال شوپیان سے سرینگر کے صدر اسپتال منتقل کیا گیا ہے ۔