سمت بھارگو
پونچھ//تاریخی مغل روڈ، جو راجوری اور پونچھ اضلاع کو وادی کشمیر کے شوپیان ضلع سے جوڑتی ہے، شدید آندھی کے بعد گاڑیوں کی آمد و رفت کے لئے بند کر دی گئی ہے۔
محکمہ متعلقہ کے حکام کے مطابق پوشانہ سے لے کر پیر کی گلی کے درمیان کے علاقوں میں تیز آندھی کے باعث متعدد درخت جڑ سے اکھڑ گئے، جن میں سے کئی درخت سڑک پر گر گئے اور راستہ مکمل طور پر بند ہو گیا۔حکام کا کہنا ہے کہ دونوں طرف سے گاڑیوں کی نقل و حرکت عارضی طور پر بند کر دی گئی ہے اور سڑک کی بحالی کا کام فوری طور پر شروع کر دیا گیا ہے۔ تاہم، درختوں کی بڑی تعداد اور پہاڑی علاقہ ہونے کے سبب بحالی کے کام میں وقت لگ سکتا ہے۔انتظامیہ نے مسافروں سے اپیل کی ہے کہ وہ اگلی اطلاع تک مغل روڈ کا سفر نہ کریں اور متبادل راستوں کا استعمال کریں۔ متعلقہ محکمے کی ٹیمیں موقع پر موجود ہیں اور راستہ جلد بحال کرنے کے لیے بھرپور کوششیں جاری ہیں۔