عظمیٰ نیوزسروس
سری نگر// جموں و کشمیر پولیس نے مغل روڈ پر خطرناک ڈرائیونگ کے ایک واقعے کے سلسلے میں ایک نجی گاڑی کو ضبط کر لیا ہے جبکہ چار افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے ۔ پولیس نے اس اقدام کو عوامی سلامتی کو یقینی بنانے اور ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد کے لیے اہم قدم قرار دیا ہے ۔اطلاعات کے مطابق گزشتہ روز سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوا جس میں مغل شاہراہ پر خطرناک ڈرائیورنگ کے دوران نجی گاڑی کو حادثہ پیش آیا۔ پولیس نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ہر پورہ پولیس اسٹیشن میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی۔پولیس ترجمان کے مطابق ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا کہ ایک نجی گاڑی جس کا رجسٹریشن نمبرجے کے 22بی 9503 ہے ، کو انتہائی غفلت اور لاپرواہی سے چلایا جا رہا تھا، جو عوامی سلامتی کے لیے خطرہ بن گئی تھی۔پولیس کے مطابق گاڑی کے مالک اور اس میں سوار تین دیگر افراد کو اس مقدمے میں نامزد کیا گیا ہے ، اور ان کے خلاف مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے ۔ایس ایس پی شوپیان نے کے مطابق ‘جموں و کشمیر پولیس سڑکوں پر شہریوں کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے پُرعزم ہے ۔ مغل روڈ ایک حساس اور بلند مقامات پر مشتمل راستہ ہے ، جہاں محتاط اور ذمہ دار ڈرائیونگ نہایت ضروری ہے ۔’انہوں نے ڈرائیوروں سے اپیل کی کہ وہ ٹریفک قوانین کی مکمل پابندی کریں تاکہ نہ صرف اپنی جان کی حفاظت ہو بلکہ دیگر شہریوں کی سلامتی بھی یقینی بنائی جا سکے ۔پولیس حکام نے واضح کیا ہے کہ ٹریفک قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں پر زیرو ٹالرینس اپنائی جائے گی، اور جو بھی ڈرائیور یا مسافر قانون شکنی کرے گا، اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔