سرینگر //محکمہ موسمیات نے وادی میں 13اور 14مارچ کو ہلکی بارش اور برفباری کی پیشن گوئی کی ہے۔سوموار کو مغربی ہوائوں کے داخلے کے ساتھ ہی ریاست جموں و کشمیر میں ایک مرتبہ پھر موسم کروٹ بدلے گا۔ محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر سونم لوٹس نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ مغربی ہوائیں 12مارچ 2018کو ریاست میں داخل ہونگی تاہم بارشوں کا سلسلہ 13مارچ کو شروع ہوکر 14مارچ تک جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس دوران میدانیعلاقوں میں ہلکی سے لیکر درمیانہ درجے کی بارش اور بالائی علاقوں میں ہلکی سے لیکر درمیانہ درجے کی برفباری ہونے کا امکان ہے۔ سونم لوٹس نے بتایا کہ پیشن گوئی میں ایک دن کا فرق ہوسکتا ہے کیونکہ موسم بہار میں گرمی کی وجہ سے 100فیصد صحیح پیشن گوئی کرنا مشکل ہوجاتا ہے۔ میوہ باغ مالکان کو صلاح دیتے ہوئے سونم لوٹس نے بتایا کہ پیشن گوئی میں ایک دن کا فرق ہوسکتا ہے اسلئے باغبانی سے وابستہ لوگوں کو ایک دن قبل ہی باغات میں ادویات کا چھڑکائو کرنا چاہئے۔