نئی دہلی/یو این آئی/پورے ملک میں پیر کو مغربی ڈسٹربنس کے اثر کی وجہ سے کل تک مغربی ہمالیائی خطہ کے ساتھ ساتھ پنجاب، ہریانہ، چندی گڑھ، دہلی، اتر پردیش اور راجستھان کے مختلف علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش اور برفباری کے امکانات ہیں۔ہندوستانی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی)کے مطابق مغربی ڈسٹربنس، ایک سائیکلونک سرکولیشن کی شکل میں، اس وقت شمالی پاکستان میں زیریں اور درمیانی ٹراپوسفیرک سطح پر اور شمال مغربی راجستھان میں کم دبا کے علاقے میں واقع ہے۔موسمی حکام نے کہا کہ ایک فعال مغربی خلل اور مشرقی ہوائوں کے ساتھ اس کے تعامل سے 26دسمبر سے شمال مغربی اور وسطی ہندوستان کے متاثر ہونے کا اندازہ ہے۔ اگلے 3-4دنوں میں شمال مغربی ملک کے کچھ حصوں میں گھنی دھند اور سردی کی لہر سے شدید سردی کی لہر کی بھی اندازہ ہے۔موسمی حکام نے بتایا کہ 24 دسمبر تک اتر پردیش اور اڈیسہ میں الگ الگ مقامات، 24-27دسمبر تک ہماچل پردیش، 23-26دسمبر تک پنجاب، ہریانہ، چندی گڑھ، دہلی، ذیلی ہمالیائی مغربی بنگال، بہار، آسام ، میگھالیہ، ناگالینڈ، منی پور، میزورم، تریپورہ اور 25 دسمبر تک راجستھان میں دیررات اور صبح کے اوقات میں گھنے کہرے کا امکان ہے۔ہماچل پردیش کے کچھ حصوں میں 23سے 26 دسمبر کے درمیان سردی کی لہر کی توقع ہے، جبکہ جموںکشمیر-لداخ-گلگت بلتستان-مظفر آباد کے مختلف علاقوں میں 24-26دسمبر تک سردی کی لہر غالب رہنے کی توقع ہے۔
اس کے علاوہ پنجاب، ہریانہ اور چندی گڑھ میں بھی 23 سے 25دسمبر کے درمیان ایسے ہی حالات ہونے کی توقع ہے۔اتر پردیش کو چھوڑ کر شمال مغربی میدانی علاقوں میں کم از کم درجہ حرارت میں تقریبا دو ڈگری سیلسیس کی کمی متوقع ہے جہاں اگلے دو دنوں میں درجہ حرارت میں تقریبا تین ڈگری سیلسیس کا اضافہ متوقع ہے اور26 دسمبر کے بعد کوئی خاص تبدیلی نہیں آئے گی۔ 27-28 دسمبر کے دوران شمال مغربی میدانی علاقوں میں کم از کم درجہ حرارت میں 2-4ڈگری سیلسیس کے اضافے کی امید ہے۔مہاراشٹر میں بھی اگلے پانچ دنوں کے دوران کم از کم درجہ حرارت میں 2-4ڈگری سیلسیس کا اضافہ متوقع ہے۔جنوب مغرب اور ملحقہ مغربی وسطی خلیج بنگال پر ایک کم دبا کا علاقہ 24 دسمبر کو شمالی تمل ناڈو اور جنوبی آندھرا پردیش کے ساحلوں سے جنوب مغربی خلیج بنگال تک پہنچنے کا امکان ہے۔ اس کے زیر اثر، 24-26 دسمبر کو ساحلی آندھرا پردیش میں الگ الگ مقامات پر اور 24-25دسمبر کو رائلسیما میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش متوقع ہے۔موسمی حکام کے مطابق ساحلی اوڈیشہ میں کچھ مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش کی امید ہے۔ 24-25 دسمبر کو یہاں مختلف مقامات پر موسلادھار بارش متوقع ہے۔ اس کے علاوہ 23-26 دسمبر کو تمل ناڈو، پڈوچیری اور کرائیکل میں گرج چمک کے ساتھ الگ الگ مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش متوقع ہے۔
مغربی ہوائوںکی وجہ سے بارش اور برفباری کی پیشین گوئی | اگلےچنددنوں میں گھنی دھند اور سردی کی لہر میں اضافے کا امکان
