ارشاد احمد
سرینگر// مغربی بنگال کے ایک کالج ہاسٹل میں گزشتہ ہفتے پر اسرار طور پرمردہ پائے گئے بڈگام کے انجینئرنگ طالب علم کی لاش اتوار کی دوپہر وسطی کشمیر کے بڈگام ضلع میں واقع اس کے آبائی گائوں پہنچائی گئی۔ 2 جون کو، اہل خانہ کو کالج کے حکام کی طرف سے فون آیا تھا کہ ان کا بیٹا محمد عمر گنائی جو کہ بڈج انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (BBIT) کولکتہ میں انجینئرنگ کی تعلیم حاصل کر رہا تھا، کالج ہاسٹل میںمردہ پایا گیا ہے۔ دو دن بعد اتوار کی سہ پہر مرحوم کی لاش دیبی پورہ یار کھاہ خانصاحب میں واقع ان کے آبائی گھر لائی گئی۔ جہاںسینکڑوں لوگ ان کی موت پر ماتم کرتے نظر آئے۔اہل خانہ کا کہنا ہے کہ یکم جون کو رات 9بجکر 30 منٹ پر اس کے ساتھ ویڈیو کال پر بات ہوئی تھی اور وہ بہت ہی خوش دکھائی دے رہا تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ “غسل دینے کے دوران اس بات کا پتہ چلا کہ عمر بشیر کے جسم کے پچھلے حصے پر زخموں کے نشانات تھے جو اس بات کا ثبوت ہیں کہ انہیں قتل کیا گیا ہے۔کولکتہ پولیس نے لاش کا پوسٹ مارٹم کیا ہے اور یقین دہانی کرائی ہے کہ رپورٹ ملنے کے بعد مزید کارروائی ہوگی۔
مغربی بنگال کے کالج میں مردہ پائے گئے کشمیری طالب علم کی لاش گھر پہنچائی گئی
