عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی //مغربی بنگال کی راجدھانی کولکاتا اور اس کے آس پاس کیعلاقوں میں پیراور منگل کی درمیانی رات ہوئی موسلادھار بارش سے عام زندگی درہم برہم ہو کر رہ گئی ہے۔شدید بارش سے علاقوں میں پانی بھرنے سے اس میں کرنٹ اترنے کی بات بھی سامنے آئی ہے۔ بجلی کرنٹ لگنے سے اب تک 7 افراد کی موت ہو چکی ہے۔راجدھانی کولکاتا میں موسلادھار بارش نے معمولات زندگی پر منفی اثر ڈالا ہے۔ اس خراب موسم نے فضائی سفر کو بھی بری طرح متاثر کیا ہے، نتیجہ کار 30 سے زیادہ پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ علاوہ ازیں متعدد پروازیں طویل تاخیر کا شکار ہوئی ہیں۔ حکام کے مطابق شدید بارش کے نتیجے میں کولکاتا کے مختلف علاقوں میں بہت زیادہ پانی بھر گیا، جس سے ٹریفک نظام بھی درہم برہم ہو گیا۔ جو حالات پیدا ہو چکے ہیں، ان میں ہزاروں افراد مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ احتیاطی قدم اٹھاتے ہوئے پوجا کی چھٹیاں بھی 2 دن قبل کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ نیتاجی سبھاش چندر بوس بین الاقوامی ہوائی اڈے پر موسمی حالات کے باعث کئی پروازیں زمین پر ہی روک دی گئیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ موسلادھار بارش اور حدِ نگاہ میں کمی نے پروازوں کی حفاظت کے حوالے سے سنگین خطرات پیدا کر دیے ہیں۔کولکاتا میٹرو ریلوے بلیو لائن کے درمیانی حصہ، خاص طور سے مہانائک اْتم کمار اور رویندر سروور اسٹیشنوں کے درمیان پانی بھرنے سے خدمات روک دی گئیں۔ میٹرو ترجمان نے بتایا کہ مسافروں کے تحفظ کے لیے شہید کْھدی رام بوس اور میدان اسٹیشنوں کے درمیان خدمات معطل کر دی گئی ہیں جبکہ دکچھنیشور سے میدان تک محدود خدمات چل رہی ہیں۔