کولکتہ// کورونا کی دوسری لہر کے درمیان مغربی بنگال میں اسمبلی انتخابات کے آٹھویں اور آخری مرحلے کے لئے جمعرات کی صبح 7 بجے سے ریاست کی 294 سیٹوں میں سے 35 سیٹ پر ووٹنگ شروع ہو گئی ہے، جو شام کے ساڑھے چھ بجے تک جاری رہے گی۔
بنگال میں آخری مرحلے میں چار اضلاع مالدہ ، کولکتہ شمالی ، مرشد آباد اور ویربھوم کی 35 اسمبلی سیٹوں کے لئے آج پر امن طریقے سے پولنگ شروع ہو گئی ہے ، جن میں ویربھوم اور مرشد آباد کی 11۔11 ، کولکتہ شمالی کی سات اور مالدہ کی چھ سیٹوں پر پولنگ ہو رہی ہے۔ ریاست میں ا?خری مرحلے میں 35 خواتین امیدواروں سمیت کل 283 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ ہو گا۔
ریاست میں حکمران جماعت ترنمول کانگریس کی کارکردگی پر سب کی نگاہیں ہیں کیونکہ ان انتخابات میں فیصلہ ہو گا کہ وزیر اعلیٰ اور ترنمول کی سربراہ ممتا بنرجی 2 مئی کو ووٹوں کی گنتی کے بعد تیسری مدت کار کے لئے واپس آسکیں گی یا نہیں۔ تاہم مرکز میں برسراقتدار بھارتیہ جنتا پارٹی نے بنرجی کو اس مرتبہ اقتدار سے بے دخل کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ہے۔