حسین محتشم
پونچھ//جمعہ اور سنیچر کو پونچھ شہر خاص میں ہونے والی بارش شہریوں کیلئے اُس وقت زحمت بن گئی جب بارش میں نکاسی نالیوں سے نکل کر گندگی اور کچرا راستوں کی درگت بن گئی۔اس دوران صنعتی بازار پونچھ میں کیچڑ اور گندگی کے سبب شہریوں کاپیدل چلنا دشوار ہوگیا۔بس اڈہ پونچھ کے متصل صنعتی بازار کے راستے کیچڑ غلاظت اور گندگی کی آماجگاہ بن گئے۔صنعتکاروںنے ضلع ترقیاتی کمشنر سے مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ قصبہ میں صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں ۔ٹرانسپوٹروں اور شہریوں نے بس اڈہ کے نکاس آب کو درست نہ کرنے پر میونسپل انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بنایا۔انہوں نے کہا کہ انڈر گرائونڈ ڈرینیج شہر کے بیشتر علاقوں میں خستہ ہو چکی ہے جن کی مرمت کوضروری نہیں سمجھاجاتااس کے سبب مختلف علاقوں میں نالوں کا کچرا بارش جے دوران سڑکوں پر بہنے لگتا ہے جو گزرنے والے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دیتا ہے۔انہوں نے کہا بس اڈہ اور صنعتی بازار میں بھی نکاسی نالے خستہ ہیں جو بارش کے دوران لوگوں کی زحمت کا باعث بن جاتے ہیں۔مقامی لوگوں کے مطابق صنعتی بازار میں آنے والے درجنوں خواتین،بچے روزانہ اس کیچڑ سے پریشان ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا متعدد مرتبہ شہری کے انتظامیہ اور میونسپلٹی کے افسروں سے کہنے کے باوجود نکاسی نالوں کی مرمت نہیں کی گئی۔