سرینگر//جموں کشمیر پولیس کے سابق ڈی ایس پی دیوندر سنگھ، جو جنگجوﺅں کو وادی سے باہر لیجانے کے کیس میں گرفتار ہے، کو جمعہ کے روز دلی کی ایک عدالت سے ضمانت مل گئی ۔
سنگھ اور کیس کے دوسرے ملزم عرفان شفیع میر کو دلی کی ایک عدالت سے اُس وقت ضمانت مل گئی جب دونوں کو مذکورہ عدالت میں پیش کیا گیا۔
سنگھ کے وکیل ایم ایس خان نے کہا کہ تحقیقاتی ایجنسی قواعد و ضوابط کے مطابق گرفتاری کے بعد 90دن کے اندر ملزم کیخلاف چارج شیٹ پیش کرنے میں ناکام ہوگئی جس کی بنا پر سنگھ کو ضمانت مل گئی۔
یاد رہے کہ سنگھ کورواں برس کے اوائل میں حزب المجاہدین کے دو جنگجوﺅں کو وادی سے باہر لیجاتے ہوئے ایک گاڑی میں دونوں کے ہمراہ سفر کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا تھا۔