سرینگر// محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کے آڈیٹوریم میںکل ریڈیو کشمیر کی طرف سے معروف کشمیری گلوکار غلام نبی شیخ کی یاد میں موسیقی پر مبنی پروگرام’’ بیادِ غلام نبی شیخ‘‘ کا اہتمام کیا گیا جس میں وادی کے معروف گلوکاروں وحید جیلانی، منیر احمد میر، قیصر نظامی، شازیہ حمید، راجا بلال اور دیگران نے مرحوم کو خراجِ عقیدت ادا کیا۔ اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے محکمہ اطلاعات کے ناظم منیر الاسلام نے کہا کہ ایسے پروگراموں کی میزبانی محکمہ کے لئے فخر کا مقام ہے۔ انہوں نے کشمیری کلچر اور موسیقی کے تحفظ کے لئے ریڈیو کشمیر کی سراہنا کی۔انہوں نے کہا کہ محکمہ اطلاعات کو تمدنی اور دانشورانہ سرگرمیوں کا مرکز بنانے کے لئے تمام ضروری اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمدن اور موسیقی کا تحفظ ضروری ہے اور ریڈیو کشمیر اور محکمہ اطلاعات کا اس سلسلے میںاہم رول ہے۔انہوں نے محکمہ کے کام کاج اور اسے تمدنی و دانشورانہ سرگرمیوں کی آماجگاہ بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے کہا محکمہ تمدنی اور دانشورانہ مباحثوں کی تقریبات منعقد کرانے پر غور کر رہا ہے اور ریاست کے معروف کارٹونسٹ بشیر احمد بشیر کے تواریخی کام کی نمائش کیلئے بہت جلد ایک پروگرام منعقد کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ معروف صحافیوں کو بھی مباحثے کے پروگرام میں دعوت دی جارہی ہے جس سے ہماری صحافتی برادری کو کافی فائدہ ہوگا۔ریڈیو کشمیر کے سٹیشن ڈائریکٹر سید ہمایوں قیصر، سابق ڈائریکٹر رفیق مسعودی، معروف براڈ کاسٹر طلحہ جہانگیر اور دیگر مقررین نے مرحوم غلام نبی شیخ کے فن او رخدمات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ مرحوم غلام نبی شیخ وادی کے مایہ ناز گلوکار تھے جنہوں نے گلوکاری کے شعبۂ میں چھاپ چھوڑی ہے۔ مرحوم کے فرزند شیخ عرفات نے پروگرام کے انعقاد پر منتظمین کا شکریہ ادا کیا۔