سرینگر// وادی کے معروف گرافک ڈزائنر اختر رسول ساکن بابا پورہ حبہ کدل اتوار کی صبح اپنے گھر میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔ان کی نماز جنازہ میں زندگی کے مختلف مختلف شعبوں سے وابستہ افراد نے شرکت کی۔کشمیر یونیورسٹی کے انسٹی ٹیوٹ آف میوزک اینڈ فائن آرٹس کے سابق طالب علم اختر رسول اس وقت یونیورسٹی کے ایجوکیشن ملٹی میڈیا ریسرچ سینٹر (EMMRC) میں کام کر رہے تھے۔ان کے انتقال پر مختلف تنظیموں کی طرف سے تعزیت کی گئی ہے۔ کشمیر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر طلعت احمد ، رجسٹرار ڈاکٹر نثار احمد میر اور یونیورسٹی کے دیگر افسران اور عہدیداروں نے ان کے انتقال پر تعزیت کی۔اپنے تعزیتی پیغام میں پروفیسر طلعت نے مرحوم کی روح کیلئے دعا کرتے ہوئے دکھ کی اس گھڑی میں سوگوار خاندان کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اختر رسول ایک باصلاحیت گرافک ڈیزائنر تھے جن کی پیشہ ورانہ کاوشوں کے ذریعے یونیورسٹی کی برانڈنگ اور فروغ میں شراکت ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔رجسٹرار ڈاکٹر میر ، جنہوں نے سوگوار خاندان سے اظہار تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ،نے اختر کو ایک انتہائی ہنر مند قرار دیا ۔ انہوں نے کہا ’’ان کی موت سے ، ہم نے ایک انتہائی قابل اور محنتی ملازم کو کھو دیا ہے اور اس خلا کو پر کرنا مشکل ہے‘‘۔یونیورسٹی کے اعلیٰ افسران بشمول سپیشل سیکرٹری وائس چانسلر ڈاکٹر تنویر اے شاہ ، میڈیا ایڈوائزر اور ڈائریکٹر EMMRC ڈاکٹر سلیمہ جان ، سابق ڈائریکٹرپروفیسر شاہد رسول ، پروفیسر شوکیٹ اے شاہ ، ڈائریکٹر آئی ٹی اور ایس ایس ڈاکٹر معروف قادری اور دیگر حکام نے اختر رسول کے آخری رسوم میں شرکت کی اور بعد میں سوگوار خاندان سے تعزیت اور ہمدردی کے اظہار کیلئے گئے۔EMRC کی طرف سے ایک علیحدہ تعزیتی اجلاس ڈاکٹر سلیمہ جان کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں EMRC کے عملے نے شرکت کی جہاں اختر رسول کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا گیا۔موصوف نے کشمیر کے کئی اخبارات میں کام کیا جن میں گریٹر کشمیر ، کشمیر عظمیٰ اور اطلاعات شامل ہے۔کشمیر عظمیٰ کے سبھی ارکان نے اختر رسول کے حق میں مغفرت اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔