معروف ادیب اور تاریخ دان پروفیسر غلام محمد شاد کا انتقال

Kashmir Uzma News Desk
3 Min Read
 سرینگر//مشہور کشمیری ادیب ، شاعر اور تاریخ دان پروفیسر غلام محمد شاد 80برس کی عمر میں طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے ۔ اننت ناگ کے قصبہ بجبہاڑہ میں 1939 کو تولد ہوئے غلام محمد نجار ادبی حلقوںمیں ’شاد‘ کے نام سے مشہور ہوئے۔ پروفیسر شاد مشہور صحافی مرتضیٰ شبلی کے والد تھے ۔پروفیسر شاد نے آخر ی سانس شیر کشمیر انسٹی چیوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ سرینگر میں لی۔ ادبی حلقوں میں مرحوم کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔اُن کی مشہور تصانیف میں شل تہ شہلتھ ، کرنہ پھیور اور مجموعہ نعت شامل ہیں ۔ پروفیسر شاد نے پوری زندگی ادبی کار ناموں کو انجام دینے میں بسر کی اور ریاست میں ایک اعلیٰ مثال قائم کی ۔پروفیسر شاد انگریزی ، اردو، فارسی اور کشمیر ی زبانوں کے ماہر تھے۔ اُن کی ترجمہ کاری میں اُن کا رول قابل سراہنا ہے ۔ انہوں نے جموں کشمیر اکیڈیمی آف آرٹ کلچر اینڈ لینگویجز میں ترجمہ کاری کے سیکشن میں بہت عرصہ تک کام کیا۔پروفیسر شاد نے جنوبی ایشیا کے مایہ ناز شاعر فیض احمد فیض کی شاعری کا ترجمہ کشمیری زبان میں کیا۔ انہوں نے حضرت شیخ العالمؒ کے کلام کا بھی اردو میں ترجمہ کیا ۔ انہوں نے گورنمنٹ ڈگری کالج اننت ناگ میں ڈیپارٹمنٹ آف ہسٹری میں ، ہسٹری پڑھائی، جہاں وہ بحیثیت سینئر پروفیسر ریٹائر ہوگئے۔دریں اثنا ناظم اطلاعات و تعلقات عامہ منیر الاسلام نے پروفیسر شاد کے انتقال پر اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ناظم اطلاعات نے انہیں اپنے وقت کے ایک قابل سکالر اور عالم کے طور پر یاد کیا ، جنہیں اللہ تعالیٰ نے اعلیٰ صفات ، شرافت اور سادگی سے نوازا تھا۔اس دوران مال اور پارلیمانی امور کے وزیر عبدالرحمان ویری نے اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کیاہے ۔اپنے ایک تعزیتی پیغام میں ویر ی نے سوگوارکنبے کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت کے لئے دعا کی ہے۔مراز ادبی سنگم کی طرف سے بجبہاڑہ میں تنظیم کے سابق جنرل سیکریٹری اور سرپرست پروفیسر غلام محمد شاد کے انتقال پر ایک تعزیتی اجلاس منعقد ہوا۔تقریب میں ریاستی کلچرل اکیڈمی کے سیکریٹری ڈاکٹر عزیز حاجنی کے علاوہ غلام نبی آتش، کلیم بشیر، علی شیدا، اظہار مبشر، بشیر دادا، ڈاکٹر حسرت حُسین، بشیر زائر، قاسم سجاد، ایس راحی، ڈاکٹر بشیر احمد ویری اور نثار ندیم کے علاوہ متعدد قلمکاروں نے مرحوم کو خراج عقیدت پیش کیا۔کشمیرعظمیٰ کے نامہ نگار ملک عبدالسلام نے بھی لواحقین سے تعزیت کااظہار کیا ہے۔ محفل بہار ادب شاہورہ پلوامہ نے اپنے ایک بیان میں پروفیسر شادکے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے متوفی خاندان کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔
 
Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *